سیاستدان محاذ آرائی ترک کرکے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں: لاہورچیمبر

سیاستدان محاذ آرائی ترک کرکے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں: لاہورچیمبر

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری نے سیاستدانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ محاذ آرائی کی سیاست ترک کرکے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام معاملات بات چیت کے ذریعے حل کریں کیونکہ سیاسی انارکی سے قومی معیشت تباہی کی جانب گامزن ہے۔ صرف ایک دن میں سٹاک مارکیٹ کا تیرہ سو پوائنٹ نیچے آجانا اِس بات کا چھوٹا سا ثبوت ہے کہ لانگ مارچ اور انقلاب کی سیاست صنعتکاروں، تاجروں اور سرمایہ کاروں کو کس قدر بھاری نقصان پہنچا رہا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ کچھ سیاستدانوں کے غیر ذمہ دارانہ رویہ کی وجہ سے ایک طرف تو ملک میں سیاسی انارکی پھیلی ہے اور دوسری طرح عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کے متعلق انتہائی منفی تاثرات کو ہوا مل رہی ہے اور غیرملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان کو سرمایہ کے لیے ترجیحی فہرست سے فی الحال خارج کردیا ہے جو پاکستانی معیشت کے لیے کسی بھی طرح اچھا شگون نہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ معاشی سرگرمیاں منجمد ہونے سے ایک ہفتہ میں ملک کو پانچ سو ملین ڈالر جبکہ ایک ماہ کے دوران دو ارب ڈالر کا نقصان ہوتا ہے اور موجودہ حاات میں ملک اس کا ہرگز متحمل نہیں ہوسکتا۔ لاہور چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ سیاسی جماعتیں حکومت کے خلاف سازشیں کرکے ملک کو نقصان پہنچانے کے بجائے سب سے پہلے ملک کے مفادات مد نظر رکھیں اور اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

 انجینئر سہیل لاشاری نے بالخصوص تبدیلی اور انقلاب کے نعرے لگانے والے سیاستدانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ذاتی مفادات کی سیاست ترک کردیں اور ملک میں تجارتی و معاشی سرگرمیاں پھلنے پھولنے دیں کیونکہ ان کی سیاست کو کوئی بھی اچھی نظر سے نہیں دیکھ رہا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ذاتی مفادات کی سیاست مدّنظر رکھی گئی تو کاروباری برادری خاموش تماشائی کا کردار ہرگز ادا نہیں کرے گی۔

مزید : کامرس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...