پی سی جے سی سی آئی کا چین میں زلزلے پر گہرے رنج و غم کا اظہار

پی سی جے سی سی آئی کا چین میں زلزلے پر گہرے رنج و غم کا اظہار

لاہور(کامرس رپورٹر )پا ک چین جوائینٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شا ہ فیصل آفریدی نے چین کے سفیر مسٹر سن ویڈونگ کے ساتھ چین کے صوبہ ینان میں آنے والے حالیہ زلزلے کے دوران ہونے والی کثیر ہلاکتوں پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں مسٹر شاہ فیصل آفریدی نے کہا ہے کہ اس نازک گھڑی میں پاکستانی قوم اپنے چینی بھائیوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام کے ہمراہ اپنی طرف سے مالی معاونت پر مبنی ایک چیک بھی چینی سفیر کوبھجوایا اور یقین دہانی کرائی کہ پاک چین جوائینٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس صورتحال میں برادر ملک چین کی مدد کیلئے پاکستان بھر کی کاروباری برادری کو فعال کردار انجام دینے پر مائل کرے گا۔

صدر پاک چین جوائینٹ چیمبر نے کہا کہ چینی قوم ایک باہمت قوم ہے، وہ اپنی روائتی بلند ہمیتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہت جلد زلزلے سے پیدا شدہ بحران پر قابو پالے گی۔دریں اثناءانہوں نے پاکستان بھر کے کاروباری برادری سے اپیل کی ہے وہ مشکل کی اس گھڑی میں آگے بڑھیں اور اپنے چینی بھائیوں کو اپنی پر خلوص دوستی کا ثبوت دیں۔

مزید : کامرس