سنگا کارا آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئے

سنگا کارا آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئے

دبئی ( نیٹ نیوز) پاکستان کے خلاف گال ٹیسٹ میں کیریئر کی دسویں ڈبل سنچری سکور کرنے والے سری لنکن مایہ ناز بلے باز کمار سنگا کارا نے آئی سی سی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ اینجلو میتھیوز اور یونس خان ایک ایک درجہ ترقی کے ساتھ بالترتیب پانچویں اور دسویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ مصباح الحق ایک درجہ تنزلی کے ساتھ آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ باﺅلنگ میں جیمز اینڈرسن ، رنگنا ہیراتھ اور سٹورٹ براڈ کی ترقی جبکہ سعید اجمل تین درجے تنزلی کے ساتھ آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے گزشتہ روز ٹیسٹ پلیئرز کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کر دی ہے جس کے مطابق بیٹنگ میں سری لنکا کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز کمار سنگاکارا نے اے بی ڈی ولیئرز سے پہلی پوزیشن چھین لی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف گال ٹیسٹ میں انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 221 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ ہاشم آملہ تیسرے اور ڈیوڈ وارنر بدستور چوتھے نمبر پر ہیں۔ اینجلو میتھیوز اور یونس خان ایک ایک درجہ ترقی کے ساتھ بالترتیب پانچویں اور دسویں نمبر پر آگئے ہیں۔ پاکستان کے کپتان مصباح الحق کی ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے اور وہ آٹھویں نمبر پر آگئے ہیں۔ باﺅلنگ کے شعبے میں جنوبی افریقن فاسٹ باﺅلر ڈیل سٹین بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ جیمز اینڈرسن اور رنگنا ہیراتھ دو، دو درجے ترقی کے ساتھ بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ سٹورٹ براڈ چار درجے ترقی کے ساتھ نویں نمبر پر آگئے ہیں۔ آل راﺅنڈرز میں بھارت کے روی چندرن ایشون پہلے، ورنن فلینڈر دوسرے اور شکیب الحسن تیسرے نمبر پر ہیں۔

ط

مزید : کھیل اور کھلاڑی