خوشحالی کیلئے خواتین کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہو گا،مجتبیٰ شجاع

خوشحالی کیلئے خواتین کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہو گا،مجتبیٰ شجاع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر)وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن ، خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ خواتین آبادی کا 50 فیصد ہیں اور خواتین کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کئے بغیر خوشحالی کی منزل حاصل نہیں کی جا سکتی ۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو 52 فیصد سے زائد وسائل دئیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو پوری طرح بروئے کار لا سکیں انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے سرکاری ، خودمختار، ڈویلپمنٹ اور ریسرچ سنٹر زمیں خواتین کی نمائندگی کو لازمی قرار دے دیا ہے جس کے تحت 25ہزار خواتین کو نمائندگی کا حق حاصل ہوگا فیملی فزیشنز، لیڈی ہیلتھ ورکرزاور خواتین کے وفود سے ملاقات کے دوران مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ حکومت عوام کو پیچیدہ بیماریوں کے موثر علاج کے لئے وسائل کی ری جنریشن کے ذریعے سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولتیں مہیا کررہی ہے اورحکومتی پروگرامز کا مقصد ملینئم ڈویلپمنٹ اہداف حاصل کرنا ہے تا کہ خواتین کی صحت بہتر بنا کر انہیں قومی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے مواقع مہیا کئے جا سکیں انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے 121.80ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جوپنجاب کے بجٹ کا 11.66فیصد ہے اورکم وسائل رکھنے والے لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی پر 8ارب 75 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ خواتین کوصحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں لیڈی ہیلتھ ورکرز و ویزیٹرز اور پیرامیڈکس کے کردار کو مزیدفعال بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ حکومت نے ماں اور بچوں خصوصاً نوزائیدگان کی صحت اور انہیں جدید طبی سہولتیں دینے کے لئے مختلف ڈونر اداروں کے تعاون سے کئی منصوبوں کا آغاز کیا ہے اور ان پراجیکٹس کے مراکز میں ڈاکٹرز سمیت دیگر طبی عملہ کی تعیناتی‘ برتھ کٹس ‘ طبی آلات اور ضروری ادویات کی فراہمی کویقینی بنایا جا رہا ہےاوربچوں کوطبی سہولیات کی فراہمی کے لیے 1.80۔ارب رو پے کے فنڈز فراہم کئے ہیں جبکہ صوبہ میں بچوں کے نئے تین ہسپتال قائم کرنے کے لئے12ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ گردے کے مریضوں کے لئے ڈائلسز کی سہولت برقرار رکھی گئی ہے جس کے لئے 60 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی اقتصادی و سماجی بہتری کے لئے اقدامات کئے جار ہے ہیں خصوصا دیہی خواتین کو با عزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ابتدائی طور پر 50 کروڑ روپے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ طالبات کو وظائف کی مد میں ایک ارب 50 کروڑ روپے، گرلز سکولوں میں بنیادی سہولتو ں کی فراہمی کے لئے 3 ارب 50 کروڑ روپے کے فنڈز اور صوبہ کے تین پسماندہ ترین اضلاع میں طالبات کے وظائف کی رقم دگنا کر دی گئی ہے۔