ایام استغفار 14 اگست تک منایا جائے گا، پیر اعجاز ہاشمی

ایام استغفار 14 اگست تک منایا جائے گا، پیر اعجاز ہاشمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(سٹاف رپورٹر)جمعیت علما ءپاکستان نے موجودہ سیاسی بحران میں قوم پر مسلط عذاب سے نجات کے لئے تین روزہ ایام استغفار 14 اگست تک منانے کی اپیل کی ہے۔ ایک بیان میں جے یو پی کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی نے کہا ہے کہ شہریوں کے راستے بند ہیں، مریضوں کو ادویات میسر نہیں، ایمبولینسوں میں مریض راستہ نہ ملنے کے باعث جان کی بازی ہار رہے ہیں انسانی حقوق کی پامالی ہورہی ہے
قتل و غارت گری اور دہشت گردی جاری ہے کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے ٹرانسپورٹ ناپید ہوچکی ہے۔ تو ایسی صورت حال سے نجات کے لئے قوم اپنے گناہوں کی معافی مانگے۔ انہوں نے کہا کہ ایام استغفار 14۔ اگست تک منایا جائے گا۔ جس میں تمام شہری اپنے گناہوں کی معافی مانگیں گے تاکہ مسلط عذاب ٹل جائے ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ معافی مانگنے پر گناہ معاف کردیتا ہے جو عذاب دہشت گردی ، انتہا پسندی اور سیاسی بحرانوں کے باعث قوم پر مسلط ہیں اس سے نجات کے لئے قوم گناہوں کی معافی مانگے۔ ایک سوال پر پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ حکومت نے رکاوٹیں کھڑی کرکے جو راستے بند کررکھے ہیں۔ یہ انسانی ، شہری اور جمہوری حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہرالقادری سیاسی جلسے جلوس اور لانگ مارچ کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ مگراس سے عام آدمی کو متاثر نہیں ہوناچاہیے ۔ جے یو پی کے سربراہ نے مطالبہ کیا کہ حکومت لانگ مارچ کی اجازت دے۔
اس سے ان کا سیاسی قد بڑھائے گا۔رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں۔ انہوںنے زورد یا کہ لانگ مارچ کرنے والی سیاسی جماعتیں بھی امن و امان برقرار رکھنے کی حکومت کو یقین دہانی کروائیں۔ ان کاکہناتھاکہ جے یو پی آئین کے اندر رہتے ہوئے سیاسی سرگرمیوں اور انتخابات میں حصہ لینے کے حق میں ہیں۔ پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ آئین کے اندر رہتے ہوئے سیاسی بحران کے حل کے لئے مذاکرات کرنے چاہیں۔