کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کی مجموعی صورتحال پر غور

کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کی مجموعی صورتحال پر غور

راولپنڈی(اے این این،مانٹیرنگ ڈیسک )چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی صدارت میں ہونے والی کورکمانڈر کانفرنس میں حال ہی میں ہونیوالی قومی سلامتی کانفرنس، اسلام آباد میں آئین کے آرٹیکل 245 کے نفاذ اور ملک کی مجموعی صورتحال پر غورکیاگیا، اجلاس میں پاک فوج کے فارمیشن کمانڈروں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر آپریشن ضرب عضب اور سکیورٹی کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ کانفرنس میں شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن پر اطمینان کااظہار کیاگیا اور اس میں حصہ لینے والے جوانوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیاگیا۔ شرکاء نے شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے افراد کی مدد اور بحالی پر بھی غور کیا۔کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب میں اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی مدد اور قوم کی حمایت سے آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔ دہشت گردوں کو دوبارہ منظم نہیں ہونے دیا جائے گا نہ انہیں اس علاقے میں واپس آنے دیا جائے گا، دہشت گردوں کو اکٹھے ہونے دیں گے نہ انہیں پاکستان میں کہیں بھی جگہ گی۔ آرمی چیف نے آپریشن میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ آپریشن کے ثمرات سمیٹنے کیلئے تمام فریقین طویل مدتی پالیسی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کی مدد کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، انہیں جلد گھروں میں آباد کیا جائے گا۔نجی ٹی وی کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس حال ہی میں ہونے والی قومی سلامتی کانفرنس، اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کے نفاذ اور ملک کی مجموعی صورت حال پر بھی غور کیاگیا ۔

مزید : صفحہ اول