تحریک انصاف نے لانگ مارچ کیلئے اجازت نہیں مانگی، چیف کمشنر کا عمران خان کو خط

تحریک انصاف نے لانگ مارچ کیلئے اجازت نہیں مانگی، چیف کمشنر کا عمران خان کو خط

اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد کے چیف کمشنر مجاہد شیر دل نے عمران خان کو ایک خط میں لکھا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اب تک 14 اگست کے اپنے لانگ مارچ کیلئے باضابطہ اجازت نہیں مانگی ہے، عمران خان کو بھیجے جانیوالے خط میں چیف کمشنر نے عمران خان سے درخواست کی کہ وہ اپنی پارٹی کو اسلام آباد انتظامیہ سے رابطے کی ہدایت جاری کردیں تاکہ ان کے جلسے کی حفاظت اور ٹریفک کیلئے انتظامات کئے جائیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ موجودہ خطرناک سیکیورٹی حالات اور اسلام آباد میں دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد ہر قسم کے جلسے جلوسوں اور مظاہروں پر پابندی ہے اسی لئے کسی بھی جلسے کیلئے پہلے سے اجازت لینا لازم ہے ، خط میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی جلسے کیلئے اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سے اجازت لینا ضروری ہے۔ خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ کو پی ٹی آئی کے جلسے کے حوالے سے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی اور انتظامیہ نے قانون کے مطابق کسی بھی پارٹی کو جلسے کی اجازت نہیں دی ہے۔ چیف کمشنر نے 11 اگست کو عمران خان کو لکھے گئے خط میں مزید کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی اسلام آباد انتظامیہ سے رابطہ اس لئے ضروری ہے تاکہ اسلام آباد کے لوگوں اور جلوس کے شرکاءکی حفاظت کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ چیف کمشنر نے کہا کہ اسلام آباد میں آنیوالے لوگوں کی حفاظت کیلئے پہلے سے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانا ، ٹریفک کے لئے متبادل روٹس کا انتظام کرنا ، لوگوں کی املاک کی حفاظت کرنا اور عوام کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ ملک میں موجودہ صورتحال انتہائی نازک ہے، بالخصوص شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب کے تناظر میں کسی بھی جلسے کیلئے انتظامات انتہائی اہم ہیں، چیف کمشنر نے کہا کہ امن وامان کا قیام اور لوگوں کا تحفظ نا صرف انتظامیہ بلکہ سیاسی جماعتوں اور قانون کا احترام کرنیوالے شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے۔

مزید : صفحہ اول