عمران نے یقین دلایا مارچ پر امن ہو گا ،آئین اور جمہوریت کو خطرہ نہیں ،سراج الحق
لاہور(سٹاف رپورٹر+نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق گزشتہ روز عمران خان سے ملاقات کےلئے ان کی رہائش گاہ زمان پارک گئے ،ان کے ہمراہ سیکرٹر ی جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ بھی تھے ، عمران خان سے ملاقات کے بعد سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھرنے دینا اور احتجاج کر نا غیر قانونی نہیں لانگ مارچ کرنا سب کا حق ہے جشن آزادی منانے کےلئے اگر کوئی اسلام آباد جانا چاہے تو اس میں کوئی ہرج نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں حکومت کے نمائندہ کی حیثیت سے نہیں بلکہ عوامی نمائندہ کی حیثیت سے عمران خان سے ملنے آیا ہوں جس میں عمران خان نے یقین دلایا ہے کہ ان کا احتجاج پرامن ہوگا ان کے احتجاج سے آئین اور جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ،عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے حکومتی نمائندوں سے ملاقات کرکے صورتحال سے آگاہ کریں گے اور اس کا حل نکالنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کنٹینر ز لگانے سے عوام کو جن مشکلات کاسامنا کرنا پڑا شہباز شریف نے اس پر معذرت بھی کی ہے تاہم انہیں یہ عملی طور پر ثابت کرنا چاہیے کہ یہ سب کچھ انہوں نے عوامی مفاد میں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ طاہر القادر ی پاکستان کے شہری ہیں انہیں بھی جلسے جلوس کرنے کا اسی طرح حق ہے جس طرح دوسرے لوگوں کو حاصل ہے تاہم انہیں پر امن رہنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنا صحیح کردار ادا کرنے میں ناکام رہا ہے جماعت اسلامی بھی انتخابی دھاندلی کے خلاف ہے لیکن پاکستان اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے ہر شخص کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔