لٹن روڈ کار کی موٹر سائیکل اور ریڑھی سے ٹکر موٹر سائیکل سوار شدید زخمی

لٹن روڈ کار کی موٹر سائیکل اور ریڑھی سے ٹکر موٹر سائیکل سوار شدید زخمی

لاہور(کرائم سیل) چوبرجی ملتان روڈ پر تھانہ لٹن روڈ کے گیٹ سے چند گز کے فاصلے پر کار کی پھلوں کی ریڑھی اور تیز رفتار موٹر سائیکل میں ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہو گیا ،ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو ابتدائی طبی امداد دیکر قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا جبکہ پولیس نے فوری طورپر تھانہ سے نکل کر کار سوار کو حراست میں لیکر کارروائی کا آغاز کر دیا۔پولیس کے مطابق اسلام پورہ کا رہائشی سکندر علی اپنی گاڑی کی مرمت کروانے تھانہ لٹن روڈ کے ساتھ موجود مکینک کے پاس آیا تھا ، گاڑی کو ٹھیک کرکے مکینک محمد خالد گاڑی کی ٹرائی لینے کے لیے اس کو روڈ پر لایا ۔تھانہ لٹن روڈ کے سامنے سے گزرتے ہوئے اس نے ملتان روڈ پر چڑھنے کی کوشش کی لیکن اس کے سامنے ایک پھلوں کی ریڑھی آگئی، ریڑھی کو بائی پاس کرنے کے لیے محمد خالد نے کار کو سائیڈ پرکیا لیکن ملتان روڈ پر سے لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آنے والے تیز رفتار موٹر سائیکل سے ٹکرا گیا جس سے موٹر سائیکل پھلوں کی ریڑھی پر جا گری ۔ٹکر اس قدر شدید تھی کہ موٹر سائیکل کی ایک سائیڈ مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ گاڑی کادائیں سائیڈ پر نقصان ہوا جبکہ پھلوں کی ریڑھی بھی ٹوٹ گئی۔حادثہ کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہو گیا اور اس کی ٹانگ اور سر پر چوٹیں آئیں۔ریسکیو ٹیموں نے فوری موقع پر پہنچ کر زخمی کو طبی امداد دے کر قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے موقع پر تھانہ سے نکل کر مکینک محمد خالد کو حراست میں لے کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جبکہ تباہ شدہ موٹر سائیکل اور گاڑی کو بھی قبضہ میں لے لیا ہے ۔گاڑی کے مالک سکندر علی نے نمائندہ \"پاکستان \"سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گاڑی کو نہایت آرام سے چلایا جا رہا تھا جبکہ موٹر سائیکل سوار ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہایت تیز رفتاری سے آ رہا تھا اس لیے حادثہ رونما ہوا ہے۔

مزید : علاقائی