تاجر تنظیموں کی جانب سے انقلاب مارچ کی شدید مخالفت ،شرکت نہ کرنیکا اعلان

تاجر تنظیموں کی جانب سے انقلاب مارچ کی شدید مخالفت ،شرکت نہ کرنیکا اعلان ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                       لاہور (وقائع نگار )صوبائی دارالحکومت میں مختلف تاجر تنظیموں نے 14اگست کو آزادی اور انقلاب مارچ کی شدید مخالفت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ کسی مارچ میں شرکت نہیں کریں گے کیونکہ یہ مارچ جمہوریت کی بجائے مارشل لاءکو دعوت دے رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار لبرٹی مارکیٹ کے چیئرمین صفدر بٹ اور مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ لاہور کے چیئر مین عرفان اقبال شیخ، صدر ناصر سعید، نائب صدر عامر صدیق چوہدری اور طارق جاوید نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تاجر رہنماﺅں کا کہنا تھا کہ فوج شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ کر رہی ہے جبکہ اندرون ملک سیاسی حالات خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ جمہوریت کاخاتمہ کیا جا سکے۔پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 14اگست کو آزادی اور انقلاب مارچ کے اعلان سے تجارتی و صنعتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔مظاہرین کے خوف سے پٹرولیم مصنوعات اور اشیاءخوردونوش کے کنٹینرز کی سپلائی کم ہونے کی وجہ سے شہریوں کو کھانے پینے اور پٹرول کی قلت کا سامنا ہے ۔مارکیٹیں اور بازار خوف وہراس کے باعث سنسان ہو گئے ہیں۔گزشتہ تین چار روز سے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مظاہرین کے دھرنوں اور سڑکیں بلاک ہونے کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ان تاجر رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ 14اگست کو پاکستان آزاد ہوا تھا لیکن افسوس کہ پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف آزادی اور انقلاب مارچ کر کے پاکستان کی آزادی کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت ڈی ریل ہوئی تو نقصان حکومت کو نہیں ملک کو پہنچے گا ۔

مزید :

علاقائی -