دنیا بھر میں اقلیتوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ضرورت ہے ،طاہر محمود اشرفی
لاہور (سٹاف رپورٹر ) پاکستان علماءکونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان میں موجود غیر مسلموں کے اندر پایا جانے والا خوف دور کرنے کے لیے مسلم قیادت کو بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا، پاکستان میں رہنے والے مسلم اور غیر مسلموں کی جان و مال ، عزت و آبرو کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر یوحنا آباد میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماع سے وفاقی وزیر کامران مائیکل ، صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب طاہر خلیل سندھو اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام کائنات کے ہر فرد کے لیے امن ،محبت ، رواداری کا پیغام لے کر آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں اقلیتوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کی ضرورت ہے ۔ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان میں موجود غیر مسلم قیادت اور عوام مسلمانوں کے جذبات کا احساس کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عراق کے اندر صرف مسیحیوں کی عبادت گاہوں کو نہیں توڑا جا رہا بلکہ مسلمانوں کے مراکز کو بھی بموں سے تباہ کیا جا رہا ہے جو قابل افسوس ہے۔