انتخابی اصلاحاتی کمیٹی نے قواعد و ضوابط اور طریقہ کار کے ڈرافٹ کو حتمی شکل دیدی
اسلام آباد (این این آئی)انتخابی اصلاحات کیلئے قائم خصوصی کمیٹی نے کمیٹی کے قواعد وضوابط اور طریقہ کار کے ڈرافٹ کو حتمی شکل دیدی جس کی منظوری (آج) منگل کو ہونے والے اجلاس میں لی جائےگی جبکہ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کمیٹی کے اجلاسوں کی ساری کارروائی اسی ڈرافٹ کے اردگرد ہو گی ¾ لانگ مارچ اپنی جگہ اور کمیٹی کا کام اپنا جگہ ہو گا ۔پیر کو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر اسحاق ڈار کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین آفتاب احمد خان شیرپاﺅ، نوید قمر، رضا ربانی، فاروق ایچ نائیک، عبدالرحیم مندوخیل، نعیمہ کشور، انوشہ رحمن، عبدالقادر بلوچ، تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی، مظفر حسین شاہ، شازیہ مری اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد چیئرمین اسحاق ڈار نے میڈیا کو بتایا کہ اجلاس کے دوران کمیٹی کے ابتدائی اجلاس کی کارروائی کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ کمیٹی کے کام کرنے کے طریقہ کار اور سکوپ کے حوالے سے ڈرافٹ کو بھی حتمی شکل دی گئی جس کی منظوری (آج) منگل کو ہونے والے اجلاس میں لی جائے گی۔ اس کے علاوہ کمیٹی کے ورک پلان کی بھی منظوری دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سینیٹ کی انتخابی اصلاحات کے حوالے سے قائم کمیٹی کی سفارشات کی کاپی بھی اراکین کو فراہم کر دی گئی ہے جس کو(آج)منگل کودوبارہ زیر غور لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے اجلاسوں کی ساری کارروائی اسی ڈرافٹ کے اردگرد ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ اپنی جگہ اور کمیٹی کا کام اپنا جگہ ہو گا ۔