سانحہ ماڈل ٹاﺅن کا مرکزی کردار گلو بٹ ضمانت پر رہا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )ہائی کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے مرکزی کردار گلو بٹ کو ایک ایک لاکھ روپے کے ذاتی مچلکوں کی ضمانت پر رہا کردیا ہے ۔تفصیلا ت کے مطابق ہائی کورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے اہم کردار گلو بٹ کی جانب سے ضمانت کی درخواست کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران گلو بٹ کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کے خلاف دائر مقدمات میں ایسی کوئی بھی دفعہ شامل نہیں جس کی ضمانت نہ ہوسکے، ان کا موکل اپنے خلاف تمام مقدمات کا سامنا کرے گا اور عدالت کی طلبی پر پیش بھی ہوگا اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ ان کے موکل کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت عالیہ نے گلو بٹ کو 1،1 لاکھ روپے کے ذاتی مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ گلو بٹ نے پولیس کے ایما پر 17 جون کو ماڈل ٹاﺅن میں منہاج القرآن سیکریٹریٹ کے باہر گاڑیوں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔