تمام بڑے شہروں میں وی فون مستقل بند کرنے کافیصلہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) یکم ستمبر سے ملک کے تمام بڑے شہروں میں وی فون مستقل طورپر بند کرنے کافیصلہ کرلیاگیاہے اور اس سلسلے میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔
ذرائع کے مطابق کراچی ، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور میں 31اگست تک وی فون وائرلیس چلے گا اور یکم ستمبر سے پی ٹی سی ایل کی طرح لینڈلائن کردیاجائے گا۔ ذرائع نے بتایاکہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے وی فون کو لینڈلائن کرنے کافیصلہ کیاگیاہے کیونکہ عام طورپر موبائل کے ساتھ وی فون بند نہیں کیاجاسکتاتھا جس کی وجہ سے کسی بھی وقت ناخوشگوار واقعے کا سامنا ہوسکتاتھا۔
بتایاگیاہے کہ وی فون کو لینڈلائن کرنے کافیصلہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں مشاورت سے کیاگیاہے جس دوران کمپنی انتظامیہ نے عندیہ دیاہے کہ آئندہ تمام صارفین کو لینڈلائن سروس ہی فراہم کی جائے گی ۔