کویتی امام کی حماس پر تنقید
کویت سٹی(مانیٹرنگ ڈیسک)کویت کے ایک مذہبی رہنما نے غزہ میں فلسطینیوں کی شہادتوں پر حماس کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حماس شہید فلسطینیوں کیلئے کچھ تو احترام کا مظاہرہ کرے۔عثمان الخمیس نے اپنے خطاب میں حماس سے سوال کیا کہ2000مسلمانوں کی شہادت اور10000کے زخمی ہونے کا ذمہ دار کون ہے اور یہ کہ ان کی شہادتوں کے بدلے اسرائیل کا کیا نقصان ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں فلسطینیوں کی شہادت کے بدلے چند اسرائیلی بھی ہلاک نہیں ہوئے۔انہوں نے حماس کو فلسطینیوں کی ہلاکت کا ذمہ دار ٹھراتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے پاس بے پناہ طاقت ہے اور حماس اس کے خلاف چند راکٹ چلاکر ہزاروں فلسطینیوں کی شہادت کا سبب بن رہی ہے کیونکہ اسرائیلی کا کچھ نقصان نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو صرف اس وقت لڑنا چاہیے جب وہ جیتنے کی پوزیشن میں ہوں اور کمزوری کی حالت میں دشمن کو للکار کر اپنے ہی معصوم لوگوں کو ہلاک کروانا اسلام اور مسلمانوں کی خدمت نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسی حکمت عمل اختیار نہیں کرنا چاہیے جس کا نتیجہ صرف مسلمانوں کی تباہی اور دشمن کی فتح کی صورت میں نقلے۔