فنڈز کی کمی،ایشن باکسنگ چیمپئن شپ میں پاکستان شرکت نہیں کرسکے گا

فنڈز کی کمی،ایشن باکسنگ چیمپئن شپ میں پاکستان شرکت نہیں کرسکے گا

  

لاہور( سپورٹس رپورٹر) فنڈز کی کمی اور ٹیم کے دورہ کے لئے مالی وسائل فراہم کرنے میں متعلقہ حکام کی عدم دلچپی کی وجہ سے پاکستان 25اگست سے تھائی لینڈ میں ہونے والی ایشین باکسنگ چیمپئن شپ میں حصہ نہیں لے سکے گا ۔پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری اقبال حسین نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ ایونٹ جو کہ ریو اولمپکس کا پہلا کوالیفائی راؤنڈ ہے میں ہماری ٹیم کی شرکت فنڈز کی کمی کی وجہ سے ممکن نہ ہے کیونکہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے ہماری بار بار کی جانے والی درخواستوں کے باوجود ہمیں مالی وسائل مہیا نہ کیئے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے بارہ رکنی قومی باکسنگ اسکواڈ جس میں 9باکسرز اور تین عہدیدار شامل ہیں کے دورہ کے لئے پی ایس بی کو مالی سپورٹ کی فراہمی کے لئے متعدد خطوط لکھے ہیں لیکن ابھی تک ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں ملا ۔ٹیم کی ایونٹ میں شرکت کی تصدیق اور ٹریول پلان فراہم کرنے کی آخری تاریخ 15اگست ہے لیکن پی ایس بی کی طرف سے مثبت جواب نہ ملنے کی وجہ سے ہمیں اپنی ٹیم کی ایونٹ میں شرکت کا یقین نہیں ہے ۔ قومی ہاکی ٹیم کے اولمپک میں رسائی حاصل نہ کرنے کے بعد اولمپک میں شرکت کی واحد امید باکسنگ سے ہی وابستہ ہے اور اگر ہم ایشین باکسنگ چیمپئن شپ میں حصہ نہیں لیتے تو اکتوبر میں قطر میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ جو کہ اولمپک کا دوسراکوالیفائی راؤنڈ میں ممکنہ رسائی حاصل کرنے کی ہماری امید ختم ہوجائے گی ۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -