ٹیوٹا رواں ماہ چینی زبان کورس کی کلاسز کا آغاز کریگی: عرفان قیصر شیخ

ٹیوٹا رواں ماہ چینی زبان کورس کی کلاسز کا آغاز کریگی: عرفان قیصر شیخ

  

لاہور (کامرس رپورٹر): ٹیوٹا رواں ماہ چینی زبان کورس کی کلاسز کا آغازکررہی ہے ۔تین ماہ دورانیہ کا کورس پہلی بار پائلٹ پرا جیکٹ کے طور پر ٹیوٹا کے اداروں گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ریلوے روڈ اور گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ گلبرگ لاہور میں 24اگست سے شروع کیا جارہا ہے۔ پائلٹ پراجیکٹ کی کامیاب تکمیل کے بعد چینی زبان کا کورس صوبہ بھر کے دیگر ٹیوٹا اداروں میں بھی شروع کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہارچےئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے چینی زبان کے کورس سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لینے کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی، ٹیوٹا افسران حامد غنی انجم،عبد القیوم، اظہر اقبال شاد، وسیم بیگ ، سرفراز انور اوردیگرٹیوٹا افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ ٹیوٹا نے جدیدشارٹ کورسز کے علاوہ چینی زبان کے کورس کو ٹیوٹا گریجویٹس اور عام عوام کیلئے متعارف کروارہی ہے ۔ہر کلاس میں طالبعلموں کی تعداد 50ہوگی۔میٹرک پاس اس کورس میں داخلے کیلئے اہل ہونگے۔ چینی زبان کے کورس کو شروع کرنے کا مقصد پاکستان کی پہلے سے تربیت یافتہ ہنر مند افرادی قوت کو چینی مارکیٹ میں احسن طریقے سے قابل قبول بنانا ہے۔ اس کورس کی تربیت سے پاکستانی ہنرمند افرادی قوت کوتکنیکی طور پر غیر تربیت یافتہ افراد پر فوقیت حاصل ہوگی ۔

چیئرپرسن ٹیوٹا نے مزیدکہا کہ چین کا پاکستان کے ساتھ معاشی اور اقتصادی تعاون پاکستانی عوام کیلئے خوشحالی کی نئی راہیں ہموار کرے گا۔ یہ کورس دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کی رکاوٹوں پر قابوں پانے میں مدد دے گا ۔اس کے علاوہ یہ کورس ان نوجوانوں کے لئے مدد گار ثابت ہو گا جو پاکستان میں چینی کمپنیوں اور چین میں نوکریوں کے مواقع حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انسانی وسائل سے مالا مال ہے اور یہ وقت پاکستان کی مہارتی تربیت کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلئے بہترین ہے ۔انہوں نے بھر پور اعتماد کے ساتھ کہا کہ پاکستان چینی سرکایہ کاروں کو اپنی بہترین تربیت یافتہ افرادی قوت کی فراہمی کے ذریعے دنیا بھر میں متوجہ کرا سکتا ہے ۔

مزید :

کامرس -