اسلام آباد چیمبر کارومانیہ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ

اسلام آباد چیمبر کارومانیہ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ

  

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسڑی کے سنیئرنائب صدر محمد شکیل منیر نے رومانیہ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ڈریگس کاسمن لوکا اور ان کی اہلیہ کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ دیاجس میں چیمبر کے صدر مزمل حسین صابری، نائب صدر محمد اشفاق چٹھہ، سابق صدور خالد جاوید، میاں شوکت مسعود ، پاکستان میں رومانیہ کے سفیرجناب ایملیان آئیان ، سپین سفارتخانہ کے چارج ڈی افیئرزفرنانڈس ہریڈیا نوگور، سری لنکا سفارتخانہ کی چارج ڈی افیئرز مس ویجے یانتھی ایڈریسینگے ، چین سفارتخانہ کے فرسٹ سیکرٹری مسٹرلیو اور دیگر نے شرکت کی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے کہا کہ پاکستان اور رومانیہ کو چائیے کہ وہ باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دیں کیونکہ دونوں کے درمیان متعد شعبوں میں باہمی تعاون کے وسیع مواقع پائے جاتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور رومانیہ کے درمیان خاص طور پر زراعت ، توانائی کے متادل ذرائع اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہادونوں ممالک کو چا ئیے کہ وہ نجی شعبوں کے درمیان پائیدار روابط استوار قائم کرنے کے لئے کوششیں تیز کریں تا کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری مشترکہ تعاون کے تمام مواقعوں کی نشاندہی کر کے اس سے استفادہ حاصل کرنے کی کوشش کرے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پاکستان اور رومانیہ کے درمیان کاروباری شراکتیں قائم کرنے کیلئے رومانیہ سفارتخانے کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔رومانیہ کے سفیر جناب امیلیان آئیان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری رومانیہ کے ہم منصبوں کے ساتھ روابط قائم کر کے باہمی دلچسپی کے مخصوص شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر توجہ دیں جس سے دونوں ممالک کی دوطرفہ تجارت میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتے عالمی کاروباری ماحول کا تقاضا ہے کہ پاکستان اور رومانیہ تجارتی وفود کا باکثرت تبادلہ کریں اور ایک دوسرے کے ممالک میں نمائشوں کا انعقاد کریں جس سے دونوں کی تجارت صلاحیت کے مطابق ترقی کرے گی۔سپین سفارتخانے کے چارج ڈی آفیئرز فرنانڈو ہرڈیا نوگر ، سری لنکا کی چارڈ ی آفیئرز مس ویجے یانتھی ایڈریسنگے اور چین سفارتخانے کے فرسٹ سیکرٹری مسٹر لیو نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اپنے اپنے ممالک کے پاکستان کے ساتھ گہرے تجارتی و اقتصادی تعلقات کی ضرورت پر زور دیا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد شکیل منیر نے اپنے اختتامی کلمات میں تمام شرکاء کا عشائیے میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مواقع باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرنے اور عوامی سطح پر روابط مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے رومانیہ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن کی پاکستان میں خدمات کو سراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ جہاں بھی جائیں پاکستان کے بارے میں پائے جانے والے غیر حقیقی تاثرات کو دور کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ رومانیہ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن ڈریگوس کاسمن لوکا اور ان کی اہلیہ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد شکیل منیر کی طرف سے شاندار عشائیہ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پاکستان سے اچھی یادیں لے کر جا رہے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ انہیں دوبارہ پاکستان میں خدمات سرانجام دینے موقع فراہم ہو۔

مزید :

کامرس -