آئی ایم کراچی میوزک فیسٹیول،حمیرا چنا کی یادگار پرفارمنس

لاہور (فلم رپورٹر)آئی ایم کراچی میوزیک فیسٹیول جاری ہے جس دوران مختلف گلوکار اور موسیقار ساز و آواز کا جادو جگارہے ہیں۔ سماعت میں رس گھولتی موسیقی اور دلوں میں اْترجانے والی معروف آوازیں۔ یہ ہے وہ تال میل جو دو روزہ مائی کراچی میوزک فیسٹیول کی پہچان اور جان ہے۔ شہر کے ساحلی مقام پر فیسٹیول کی افتتاحی تقریب ہوئی تو لوگوں کا سمندر اْمڈ آیا۔ فنکاروں اور گلوکاروں نے اس فیسٹیول کو کراچی کے لیے نیک شگون قرار دیا۔ میوزیکل فیسٹیول میں نو آموز گلوکاروں نے بھی خوب رنگ جمایا۔ میوزیکل فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں مشہور گلوکارہ حمیرا چنا نغمہ سرا ہوئیں تو سماں باندھ دیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ ایسے میوزیکل فیسٹیول پیغام دیتے ہیں کہ کراچی والے فن کی قدر کرنا جانتے ہیں۔