بلدیاتی انتخابات بروقت نہ کرانے پر پنجاب اور سندھ حکومتیں عوام سے معافی مانگیں ،سپریم کورٹ

بلدیاتی انتخابات بروقت نہ کرانے پر پنجاب اور سندھ حکومتیں عوام سے معافی ...

  

اسلام آباد(مانٹیرنگ ڈیسک،اے این این) سپریم کورٹ نے پنجاب اور سندھ میں مقررہ وقت پر بلدیاتی الیکشن نہ کروانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام سے معافی مانگے،عدالت نے الیکشن کمیشن،سندھ اور پنجاب حکومت سے بلدیاتی الیکشن موخر کرنے کی وجوہ پر مبنی رپورٹ طلب کر لی۔منگل کو سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کی۔اس موقع پر جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی نئی حکومتوں نے بلدیاتی انتخابات کرا دیئے ہیں، پنجاب اور سندھ میں تسلسل سے جو حکومتیں قائم ہیں وہ بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں کرا رہیںیڈووکیٹ جنرل سندھ اور سندھ حکومت کے وکیل فاروق ایچ نائیک کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ مقررہ وقت پر بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر معافی مانگتا ہوں جس پر جسٹس جواد ایس نے ریمارکس دیئے کہ آپ نہیں حکومت عوام سے معافی مانگے۔پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کی وجہ بتاتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ افسروں کی بڑی تعداد سیلاب زدہ علاقوں میں مصروف ہے اور محرم کے دوران میں سیکیورٹی کے لئے افسر تعینات کئے جائیں گے اس لئے انتخابات میں تاخیر ہورہی ہے۔ جسٹس دوست محمد نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ دوسری جنگ عظیم میں بھی حکومتیں قائم ہوئیں اور انتخابات ہوئے تو پاکستان میں بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں ہوسکتے۔محرم کے بعد کوئی اور مسئلہ در پیش ہوا تو آپ پھر بلدیاتی انتخابات کے التواء کا کہہ دیں گے،عدالت نے الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت سے کل تک رپورٹ طلب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو بھی طلب کرلیا جب کہ جسٹس جواد نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن موخر کرنے کی وجہ بتائی جائیں، جائزہ لے کر حکم جاری کریں گے۔

مزید :

صفحہ اول -