گڈز ٹرانسپورٹرز نے ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف احتجاج کیلئے کمیٹیاں تشکیل دیدیں
لاہور ( کامرس رپورٹر) پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے نافذ کردہ 16 فیصد ٹیکس کیخلاف پنجاب بھر میں احتجاج کے لئے کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں۔ 17 اگست کو پنجاب بھر میں تمام گڈز ٹرانسپورٹرز کاروبار بند رکھیں گے اور اپنے دفاتر اور ٹرک سٹینڈز میں سیاہ جھنڈے لگائے جائیں گے۔ پنجاب میں تمام پریس کلبوں کے باہر 16 فیصد ٹیکس کیخلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ اس بات کا اعلان پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر ملک شوکت علی کی زیر صدارت گزشتہ روزہونے والے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا جس میں سرپرست سلطان محمد بچو پہلوان، وائس چیئرمین مختار احمد،جنرل سیکرٹری نبیل محمو د طارق، پنجاب گڈز ٹرانسپورٹرز ایسو سی ایشن کے صدر چودھری ذوالفقار علی، آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز آرگنائزیشن کے صدر نجف اللہ خان نیازی، جنرل سیکرٹری نسیم کھوکھر، راولپنڈی ایسوسی ایشن کے صدر راجہ آصف کانجو، فیصل آباد کے صدر چودھری محمد سلیم، گوجرانوالہ کے صدر واصف رحمن بٹ، گوجرانوالہ اتفاق ورکرز فاؤنڈیشن کے صدر چودھری قیوم، گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر علیم بٹ، شراف گل آفریدی، سیکرٹری اطلاعات مرزا ارشد بیگ ودیگر نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر شوکت علی نے کہاکہ پاکستان دنیا کا واحد ملک جہاں ایک دن میں گاڑیوں پر 4 سے 5 چالان کئے جاتے ہیں۔ موٹروے پولیس، ٹریفک وارڈن اور پنجاب پولیس کے اہلکار ہزاروں روپے رشوت وصول کررہے ہیں جو گڈز ٹرانسپورٹر ایسوسی ایشن کے ساتھ ظلم ہے گڈز ٹرانسپورٹر تمام سیاستدانوں سے زیادہ ٹیکس ادا کرتے ہیں گڈز ٹرانسپورٹر برادری محب وطن ہے اور ملک میں ہر آفت کے موقع پر حکومت کا بھرپور ساتھ دیتی ہے۔ حکومت گڈز ٹرانسپورٹروں کے کاروبار کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ گڈز ٹرانسپورٹر برادری 16 فیصد ٹیکس کی واپسی پر کوئی مذاکرات نہیں کریگی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے اگر ان کے ساتھ کوئی سختی کی تو وہ اینٹ کا جواب پتھر سے دینگے۔ ہم پرامن احتجاج کررہے ہیں ہمیں پرامن رہنے دیا جائے اگر حکومت نے حالات خراب کرنے کی کوشش کی تو اس کے نقصان کی ذمہ دار حکومت خود ہوگی۔