درخواست ضمانت میں ریکارڈ پیش نہ کرنے پر تھانہ لیاقت آباد کے تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے نفرت انگیز مواد کی تقسیم میں ملوث ملز م کی درخواست ضمانت میں ریکارڈ پیش نہ کرنے پر تھانہ لیاقت آباد کے تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ۔مسٹر جسٹس خالد محمود ملک اور مسٹر جسٹس سردار نعیم احمد پر مشتمل ڈویژن بنچ نے یہ نوٹس مولوی عبدالجبار کی درخواست کی سماعت کے دوران جاری کیا ۔ ملزم مولوی عبدالجبارکے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ لیاقت آباد پولیس نے ملزم کے خلاف جنوری کا مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کرر کھا ہے، ملزم کے خلاف کوئی گواہ نہیں ہے ،مقدمہ بے بنیاد قرار دے کر اسے خارج کیا جائے، پراسکیوشن کی طرف سے بتایا گیاکہ ابھی اس مقدمے میں ریکارڈ آنا باقی ہے جس پر فاضل بنچ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تھانہ لیاقت آباد پولیس کے تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا، بنچ نے کہا کہ اس درخواست میں پولیس اور پراسکیوشن کی طرف سے تاخیر دکھائی جا رہی ہے، بنچ نے مزید سماعت 25اگست تک ملتوی کرتے ہوئے پولیس اور پراسکیوشن کو ہدایت کی کہ ملز م کی درخواست ضمانت کا جواب داخل کیا جائے۔
شوکاز نوٹس