حکومت کشمیر کی آزادی کیلئے ٹھوس اور واضح حکمت عملی اختیار کرے ،سراج الحق
لاہور(آئی این پی)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف پاکستان کی شہ رگ کشمیر کی آزادی کے لیے ٹھوس پالیسی اور واضح حکمت عملی اختیار کریں ، اٹھارہ کروڑ پاکستانی کشمیر کی آزادی تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہیں گے ،نریندر مودی کی مسلم کش اور کشمیر دشمن پالیسی کو اہل کشمیر نے ناکام بنا دیا ہے۔ جموں ریجن میں مساجد اور قبرستانوں کو منہدم کرنے کا سلسلہ ختم کیا جائے۔ نریندر مودی نے بے گناہ یعقوب میمن کو پھانسی دے کر مسلم دشمنی کا کھلا ثبوت دیا ہے، بھارت کے ججز نے فیصلے میں لکھا کہ یعقوب میمن کو پھانسی نہ دیتے تو ہمارا دھرم نا خوش ہوتا ۔اس فیصلے سے بھارت کا سیکولرازم کا چہرہ بے نقاب ہو گیا ۔بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں اور اپنے عہد کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی اور بنیادی حق فراہم کرے، تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے آزاد خطے میں جماعت اسلامی کا پارلیمانی رول بہت ضروری ہے۔ منگل کو جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق وہ جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کی مرکزی مجلس شورٰی کے راولپنڈی میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجلاس کی صدارت امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر عبدالرشید ترابی نے کی ۔سراج الحق نے کہاکہ آمدہ انتخابات میں جماعت اسلامی آزاد کشمیر بھر پور قوت ، تیاری اور حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترے ، جماعت کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکے گا، آزاد خطے کے مسائل کا واحد حل دیانتدار اور امانت دار قیادت کا اقتدارمیں آنا ہے، جماعت اسلامی پاکستان اور آزاد کشمیر کا اثاثہ ہے ، اسلامی پاکستان ہی کشمیرکی آزادی کا ضامن ہے۔