میڈیا اچھائی اور برائی کی نشاندہی کا فریضہ مشنری جذبے کیساتھ جاری رکھے ،صدر ممنون

میڈیا اچھائی اور برائی کی نشاندہی کا فریضہ مشنری جذبے کیساتھ جاری رکھے ،صدر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(آئی این پی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ بہت ظلم ہو چکا ، اب پوری قوم مل کر وطنِ عزیزکو مسائل کی دلدل سے نکالے گی۔ یہ ہمارا قومی نصب العین ہے‘ ذرائع ابلاغ کو اس مقصد کے فروع کے لیے اپنی توانائیاں استعمال کرنی چاہیں۔ وہ گزشتہ روزآل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے عہدیداروں سے گفتگو کررہے تھے جنہیں ظہرانے پر مدعو کیا گیا تھا۔صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں بہتری کے آثار ہیں اور اقتصادی بحالی کے نئے امکانات پیدا ہو رہے ہیں جن سے فائدہ اُٹھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز کو اس وقت وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔ اس صورت حال سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ پوری قوم اس معاملے میں یکسو ہو جائے۔ کیونکہ موجودہ عہد میں سیاست پر معیشت کو فوقیت حاصل ہو گئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے ذریعے قومی معیشت کو نئی زندگی ملے گی اور ملک میں نئی صنعتیں لگیں گی اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ سے اپیل کی کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے راستہ ہموار کریں اور اس کے راستے میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہونے دیں کیونکہ ان منصوبوں کی تکمیل سے قوم کی تقدیر وابستہ ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ حالات میں ناگزیر ہے کہ ذرائع ابلاغ نوجوانوں کو اجنبی اقدار سے محفوظ رکھنے کے لیے بنیادی کردار ادا کریں کیونکہ مغربی اقدار اور طور طریقوں کے نقصان سے بچنے کا یہی راستہ ہے انہوں نے کہا کہ سنسنی خیزی اور منفی رحجانات کا فروغ معاشرے کے لیے مناسب نہیں اس لیے ضروری ہے کہ ذرائع ابلاغ اچھائی اور برائی کی نشان دہی کرنے کا فریضہ مشنری جذبے کے ساتھ ادا کرتے رہیں ۔ صدر مملکت نے کہا کہ بدعنوانی پر قابو پانے کے سلسلے میں ذرائع ابلاغ اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اور انہیں توقع ہے کہ اس معاملے میں ان کا کردار بہت مثبت ہو گا۔صدر مملکت نے کہاکہ کراچی میں امن کی بحالی کے لیے جاری کارروائیاں اُس وقت تک جاری رہیں گی جب تک شہر مکمل طور پر پُرامن نہیں ہوجاتا۔ انہوں نے اخبارات کے مالکان کو یقین دلایا کہ یہ کارروائیاں نامکمل نہیں چھوڑی جائیں گی۔ اس موقع پر اے پی این ایس کے عہدے داروں نے صدر مملکت کو جمہوریت اور معیشت کے استحکام کی قومی کوششوں میں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔

مزید :

علاقائی -