سانحہ قصور میں ملوث ملزمان کے سرپرست بھی قصورواراورسخت سزاکے مستحق ہیں،حامد سرور

سانحہ قصور میں ملوث ملزمان کے سرپرست بھی قصورواراورسخت سزاکے مستحق ہیں،حامد ...

  

لاہور(سٹی رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما حامدسرورنے کہا ہے کہ سانحہ قصور میں ملوث ملزمان کے سرپرست بھی قصورواراورسخت سزاکے مستحق ہیں ،جوملزمان سے رقوم بٹورتے اورانہیں گرفتاری سے بچاتے رہے۔معصوم بچوں پرجنسی تشدداورانہیں بلیک میل کرنے کاواقعہ منظرعام پرآنے کے باوجود حکمران جماعت کے لوگ ملزمان کی وکالت کررہے ہیں۔تخت لاہور کے خادمین کااحساس زیاں ختم ہوگیا ورنہ قصورکا شرمناک جنسی سکینڈل منظرعام پرآنے کے بعدوہ اپنے اپنے عہدوں سے مستعفی ہوجاتے ۔حکمرانوں کی نااہلی اورمجرمانہ غفلت نے سینکڑوں بچوں کی زندگی بربادکردی۔جس وقت معصوم بچوں کودرندگی کانشانہ بنایاجارہاتھااس وقت ان کے نام نہادخادم کہاں تھے۔اگریہ شریف برادران کی گڈگورننس توپھربیڈگورننس کیاہوتی ہے۔نااہل حکمرانوں کے زیراثر پنجاب کی سیاسی پولیس سے ماورائے قانون کام لیا جارہا ہے جبکہ اس کی قیمت معصوم بچے چکارہے ہیں۔

اگرپولیس کواس کا پیشہ ورانہ کام کرنے دیا جاتا تو اس قسم کااندوہناک سانحہ رونما نہ ہوتا۔اپنے ایک بیان میں حامدسرورنے مزید کہا کہ ماضی میں عدالت عظمیٰ کی طرف سے ایک شراب کی بوتل پرسوموٹونوٹس لیا جاتا رہا جبکہ اب سنگین واقعات کے باوجودایساکچھ نہیں ہوتا۔اقتدار کے ایوانوں سے مایوس لوگ انصاف کے ایوانوں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سانحہ قصور میں ملوث مجرمان قرارواقعی سزاکے مستحق ہیں،فوجی کورٹ میں ٹرائل کی تجاویز پرغورکیا جائے ۔سانحہ قصور کے متاثرہ خاندان تنہا نہیں ہیں ،پی ٹی آئی انہیں فوری انصاف کی فراہمی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -