تباہ ہونیوالے ملائیشین طیارے ایم ایچ 17کے ملبے سے روسی میزائل ’بوک‘ کے ٹکڑے برآمد

تباہ ہونیوالے ملائیشین طیارے ایم ایچ 17کے ملبے سے روسی میزائل ’بوک‘ کے ٹکڑے ...
تباہ ہونیوالے ملائیشین طیارے ایم ایچ 17کے ملبے سے روسی میزائل ’بوک‘ کے ٹکڑے برآمد

  

کولالمپور(مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ برس جولائی میں یوکرائن کی فضائی حدود میں تباہ ہونے والے ملائیشین طیارے ایم ایچ 17کے ملبے سے مشتبہ روسی میزائل کے ٹکڑے برآمدہوئے ہیں جس کا انکشاف ہالینڈ کے تفتیش کاروں نے کیاہے ۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ایم ایچ 17کے ملبے سے ملنے والے ٹکڑے ممکنہ طورپر’بوک‘ نامی زمین سے فضاءمیں مارکرنیوالے روسی میزائل سسٹم کے ہیں ۔مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے ڈچ سیفٹی بورڈ کے ساتھ ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ روسی میزائل کے ’مشتبہ‘ ٹکڑے شمالی یوکرین میں تباہ شدہ طیارے ملبے کی تلاش کے دوران حاصل کیے گئے ہیں، یہ ٹکڑے فوجداری تحقیق کارروں کی خصوصی دلچسپی کے حامل ہیں جو انہیں یہ جاننے میں مدد دے سکتے ہیں کہ طیارے کی تباہی میں کس کا ہاتھ تھا۔بیان میں کہاگیا ہے کہ ابھی تک یہ نتیجہ نہیں اخذ کیا جا سکتا کہ ایم ایچ 17 کی تباہی اور ملبے سے ملنے والے میزائل کے ٹکڑوں کا آپس میں کیا تعلق ہے۔

یادرہے کہ ایمسٹرڈیم سے کوالالمپور جانے والے اس طیارے کو 17 جولائی 2014 کو مشرقی یوکرین کے اوپر مار گرایا گیا تھا اور اس پر سوار تمام 298 افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں سے 196 کا تعلق ہالینڈ سے تھا،مغربی ممالک اس سے پہلے بھی الزامات عائد کرتے رہے ہیں کہ اس طیارے کو روس کے فراہم کردہ میزائل سے نشانہ بنایاگیا تھا اور جس جگہ یہ طیارہ تباہ ہوا، وہ علاقہ روس نواز باغیوں کے زیرِ اثر تھاتاہم روس اور روسی نواز باغی جہاز مار گرانے کے الزام کو رد کرتے رہے ہیںجبکہ روس الزام عائد کرتا رہا ہے کہ طیارہ یوکرینی حکومت کے فوجیوں نے گرایا تھاتاہم یہ پہلی مرتبہ ہے کہ روس یا روسی نواز باغیوں کے ملوث ہونے کے شواہد جائے حادثہ سے سامنے آئے ہیں۔

مزید :

بین الاقوامی -اہم خبریں -