امریکہ نے پاکستان کو 2015کے بعد اتحادی فنڈ میں مزید توسیع نہ کرنے کا عندیہ دے دیا

امریکہ نے پاکستان کو 2015کے بعد اتحادی فنڈ میں مزید توسیع نہ کرنے کا عندیہ دے ...
امریکہ نے پاکستان کو 2015کے بعد اتحادی فنڈ میں مزید توسیع نہ کرنے کا عندیہ دے دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے پاکستان کو عندیہ دیا ہے کہ اتحادی سپورٹ فنڈ (سی ایس ایف) میں 2015 کے بعد مزید توسیع کا امکان نہیںہے ۔نجی ٹی وی چینل ڈان نیوز کے مطابق منگل کووزارت دفاع میں 23ویں دفاعی مشاورتی گروپ (ڈی سی جی) کے اجلاس میں سی ایس ایف کے مستقبل کا معاملہ زیر غور آیا۔
اجلاس میں محکمہ دفاع اور خارجہ حکام پر مشتمل امریکی وفد کی قیادت پرنسپل ڈپٹی سیکریٹری برائے دفاع کیلی میگسا مین نے کی۔سی ایس ایف انتظام کے تحت ، امریکا پاکستان کو افغانستان میں اپنے آپریشنز کی براہ راست معاونت پر اٹھنے والے اخراجات ادا کرتا ہے۔ 2001 کے بعد سے امریکا اب تک اس مد میں پاکستان کو 13 ارب ڈالرز ادا کر چکا ہے۔
2014 میں افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے ساتھ ہی یہ انتظام ختم ہو جانا چاہیے تھا لیکن امریکی حکومت نے قانون سازی کرتے ہوئے اس میں مزیدایک سال کی توسیع کر دی۔اضافی شرائط کے ساتھ توسیع شدہ پروگرام کے تحت پاکستان کو ایک ارب ڈالرز تک ادائیگی ہو سکتی ہے۔ڈی سی جی اجلاس میں پاکستان نے مسلسل درپیش چیلنجز کی وجہ سے پروگرام میں مزید توسیع کی درخواست کی،پاکستان حکومت اس فنڈ کو اپنے سیکیورٹی اخراجات کے ساتھ ساتھ کرنٹ اکاو¿نٹ خسارہ کم کرنے کیلئے استعمال کرتی رہی ہے۔
فورم میں گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری دفاع لفٹیننٹ جنرل (ر) عالم خٹک نے علاقائی سیکیورٹی میں پاکستان کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ’پاکستان خطے کے استحکام کیلئے جاری لڑائی میں صف اول ہے،پاکستان کی مسلح افواج آپریشن ضرب عضب جاری رکھتے ہوئے خطے سے دہشت گردوں کو پاک کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
ملک کے قبائلی علاقوں میں جاری فوجی آپریشن کی وجہ سے تقریباً بیس لاکھ لوگ بے گھر ہوئے ہیں جن کی 100 ارب روپے کی مدد سے بحالی کا کام جاری ہے۔
اجلاس کے بعد وزارت دفاع کے ایک جاری بیان میں بتایا گیا کہ امریکی وفد نے تسلیم کیا کہ اتحادی افواج کے انخلا کے بعد پاکستان نا صرف خطے میں استحکام کا ایک عنصر ہے بلکہ وہ علاقے میں امن کیلئے کوششوں میں بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

مزید :

اسلام آباد -