ہائیکورٹ میں عمران خان کو نااہل قرار دینے کی درخواست مسترد

ہائیکورٹ میں عمران خان کو نااہل قرار دینے کی درخواست مسترد
ہائیکورٹ میں عمران خان کو نااہل قرار دینے کی درخواست مسترد

  

لاہور (نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس مسعود عابد نقوی نے عمران خان کو نا اہل قرار دینے کے لئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کرمسترد کردی ۔فاضل جج نے قرار دیا ہے کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہے۔

یہ درخواست سہیل انور ایڈووکیٹ نے دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھاکہ عمران نے لانگ مارچ کے دوران دھرنے کے شرکاءکو پی ٹی وی پر حملے کے لئے اکسایا اور اسلام آباد میں دھرنا دیا جس سے ملکی معیشت کو اربوں کا نقصان ہوا، عمران خان کے دھرنے کی وجہ سے اسلام آباد کے رہائشیوں کی معمولات زندگی متاثر ہوئی ، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے اسلام آباد میں دھرنے کے دوران پارلیمنٹ ہاﺅس پر قبضے کی بھی کوشش کی ،عمران خان نے دھرنے کے دوران قوم سے جھوٹ بولا اور وہ آئین کے آرٹیکل 62، 63 ، پر پورا نہیں اترتے ،انہیں نااہل قرار دیا جائے۔ 

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار سہیل انور ایڈووکیٹ متاثرہ فریق نہیں ہے اور درخواست گزار داد رسی کے لئے مناسب فورم سے رجوع کرنا چاہئے اس لئے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کیا جائے، عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے درخواست مسترد کردی ۔اس سے ایک روز قبل جسٹس مامون رشید شیخ نے ذاتی وجوہ کی بناءپر اس درخواست کی سماعت سے انکار کردیا تھا جس کے بعد چیف جسٹس نے یہ درخواست سماعت کے لئے مسٹر جسٹس عابد مسعود نقوی کو بھجوائی تھی ۔

مزید :

لاہور -