ایسا خوفناک طوفان کہ کھڑا ہوا مسافر جہاز ہوا میں بلند ہو گیا
تائپے (نیوز ڈیسک) گزشتہ ہفتے کے آخر میں تائیوان کی تاریخ کے بدترین طوفان نے اس ملک میں تباہی مچادی اور اس کی بے پناہ طاقت کے سامنے انسان بالکل بے بس ہوکررہ گئے۔یوٹیوب پر اس طوفان کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بے چارے انسان تو کیا اس کے سامنے دیو ہیکل جہاز بھی کچھ نہ تھے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شدید طوفان نے چار انجنوں والے ایک جمبوجیٹ مسافر طیارے کو زمین سے اٹھادیا۔
یہ طیارہ ائیرپورٹ پر کھڑا تھا اور شدید طوفان کا سامنا کررہا تھا کہ اچانک اس کے اگلے پہئے ہوا میں اٹھ گئے۔ ویڈیو طیارے کے قریب سے ریکارڈ کی گئی ہے اور اس میں جہاز کو اگلے پہیوں کو متعدد بار زمین سے اٹھتے دیکھا جاسکتا ہے۔اس سے پہلے تائیوانی میڈیا میں دکھائے جانے والے مناظر میں جڑ سے اکھڑے ہوئے درخت، گرے ہوئے بجلی کے کھمبے اور ہر جگہ پھیلی تباہی کے مناظر نظر آئے۔ ایک زیر تعمیر سٹیڈیم کے اوپر سے سٹیل کی بڑی چادریں اور آہنی راڈ بھی طوفان نے اڑا کر دور پھینک دئیے۔ اس تباہ کن طوفان نے 6 افراد کو ہلاک جبکہ سینکڑوں کو زخمی کیا۔