چینی بندر گاہ پر دھماکہ خیز مواد کی شپمنٹ میں دھماکہ، 50 افراد زخمی

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک )چین کے شہر تیان جین کی بندر گاہ پرزور دار دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں پچاس افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ چینی میڈ یا کے مطابق ساڑھے گیارہ بجے کے قریب دھماکہ خیز مواد کی شپ منٹ میں دھماکہ ہوا جس سے 50 افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دھماکے کی شدت سے زمین میں بھی زلزلہ محسوس ہوا اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ قریب موجود لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی ادارے اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
عینی شاہد مس یانگ کے مطابق دھماکے کے وقت وہ ایک قریبی شاپنگ مال میں تھیں جس کے شیشے ٹوٹ گئے اور آگ کا بڑا گولہ نظر آیا جس کے بعد لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی۔واضح رہے تیان جن چین کی اہم بندر گاہ اور انڈسٹریل ایریا ہے اور اس کی آبادی ساڑھے ستر لاکھ افراد پرمشتمل ہے ۔