اقلیتوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنا قومی یکجہتی کی علامت ہے،ذکر اللہ مجاہد

اقلیتوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنا قومی یکجہتی کی علامت ہے،ذکر اللہ مجاہد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(پ ر)امیر جماعت اسلامی لاہورذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنا مذہبی فریضہ اور قومی یکجہتی کی علامت ہے ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام اقلیتوں اور مسلمانوں کے حقو ق میں برابراور انصاف کا حکم دیتا ہے ۔اسلام بنیادی انسانی حقوق کے متعلق غیر مسلم اقلیتوں اور مسلمانوں کے درمیان مساوات قائم کرنے کی اہمیت پر زور دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ریاست میں اقلیتوں اور رعایا کو عقیدہ ، مذہب، جان ومال اور عزت و آبرو کے تحفظ کی ضمانت صاصل ہوتی ہے اور وہ انسانی بنیادپر شہری آزادی اور بنیادی انسانی حقوق میں مسلمانوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلامی ریاست اقلیتوں کے تحفظ اور سلامتی کی ذمہ دار ہوتی ہے اور اسلامی معاشرے میں مسلمانوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اقلیتوں سے نیکی ، انصاف اور حسن سلوک پر مبنی رویہ اختیار کریں کیونکہ اسلام شرف انسانیت کا علمبردار دین ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام ہر فرد سے حسن سلوک کی تعلیم دینے والا دین ہے جس میں جانور وں تک کے حقوق کا خیال رکھنے کی تلقین کی گئی ہے ۔اسلام ان تمام حقوق میں جو کسی مذہبی فریضہ اور عبادت سے متعلق نہ ہوں بلکہ ان کا تعلق ریاست کے نظم و ضبط اور شہریوں کے بنیادی حقوق سے ہو غیر مسلم اقلیتوں اورمسلمانوں کے درمیان عدل و انصاف اور مساوات قائم کرنے کا حکم دیتا ہے ۔