جی ٹی روڈ کی پارٹی اپنے انجام کی طرف تیزی سے گامزن ہے،عبدالعلیم خان
لاہور(نمائندہ خصوصی ) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدرعبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ جی ٹی روڈ کی پارٹی نواز لیگ اپنے انجام کی طرف تیزی سے گامز ن ہے سنٹرل پنجاب کے اضلاع نے بھی نواز شریف کو گھاس نہیں ڈالی البتہ یہ فلاپ شو ایک نو جوان کا نا حق خون ضرور لے گیا انہوں نے کہا کہ میاں صاحب اپنے ساتھیوں سمیت چور ڈیکلئیر ہو چکے ہیں اب سرکاری وسائل سے نکلنے والی ریلی سپریم کورٹ کا فیصلہ تبدیل نہیں کر سکتی عبدالعلیم خان نے چئیرمین سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپناسیاسی جنازہ طویل کرنے سے نواز شریف کی سیاسی باقیات زندہ نہیں ہوجائیں گی اور نہ ہی سٹرکیں بنداور نظام زندگی مفلوج کرکے ساکھ بچائی جاسکتی ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ جب دھاندلی کے خلاف لانگ مارچ ہوا تو جمہوری آمروں نے پی ٹی آئی کے پر امن کارکنوں پر آنسو گیس اور ڈنڈے برسائے،اسلام آباد سمیت ملک بھر کی سڑکوں پررکاوٹیں کھڑی کرکے سیاسی بدمعاشی کی گئی،درباری وزراء کی یہی فوج اب نااہل نواز شریف کی گھر رخصتی پر مظلومیت کا ڈرامہ رچانے کیلئے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کررہی ہے، انہوں نے کہا کہ قومی مجرم کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں ہونا چاہئیں لیکن ہزاروں پولیس اہلکار پروٹوکول کیلئے ڈیوٹی دے رہے ہیں، نواز شریف کے سٹاف کی حکم عدولی کرنے والے ایس ایچ او ڈنگہ شہباز ہنجرا کومعطل کرکے پیغام دیا گیا کہ نااہل شخص کی بادشاہت ختم نہیں ہوئی، عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز شریف کس منہ سے پارسائی،بے گناہی اور ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے دعوے کررہے ہیں ۔