کراچی،نا معلوم افراد کی فائرنگ سے ڈی ایس پی ٹریفک ڈرائیور سمیت شہید،شہر میں ہائی الرٹ
کراچی(آن لائن) شہر قائد کے علاقے عزیز آباد میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) ٹریفک اور ان کے ڈرائیور شہید ہوگئے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سینٹرل مقدس حیدر کے مطابق موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان نے عزیرآباد کے علاقے حسین آباد میں ڈی ایس پی ٹریفک پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی حنیف اور ان کے ڈرائیور سلطان شہید ہوگئے۔مقتولین کی لاشوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ہولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کا نوٹس لے لیا اور فائرنگ کے نتیجے میں ٹریفک پولیس کے ڈی ایس پی حنیف اور اہلکار سلطان کی شہادت پر سخت غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) غلام قادر تھیبو سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی۔وزیر داخلہ سندھ کی جانب سے شہر بھر میں سیکورٹی ہائی الرٹ رکھنے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم بھی دے دیا گیا۔
ڈی ایس پی ٹریفک