نواز شریف کے پروٹوکول کی گاڑی کی ٹکر سے بچہ ،ریلی کی زد میں آکر نوجوان جاں بحق
لالہ موسیٰ، گجرات ،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے پروٹوکول کی گاڑی کی زد میں آکر لالہ موسیٰ میں12سالہ بچہ ،جبکہ نواز شریف کی گجرات آمد کے موقع پر کارکنوں کی گاڑیوں اور موٹر سائیکل ریلی کی زد میں آ کر چک پیرانہ کا رہائشی خالد جاں بحق ہو گئے ،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے دونوں واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس ،جاں بحق بچے اور نوجو ا ن کے لوا حقین سے دلی ہمدردی او راظہار تعزیت کیا ہے ،ڈی پی او گجرات سے رپورٹ طلب اور جامع تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز سابق وزیراعظم نواز شریف کا قافلہ لالہ موسیٰ میں پہنچا تو وہاں پر حامد نامی 12سالہ بچہ نواز شر یف کو دیکھنے کیلئے قافلہ میں بڑھا تو رش کے باعث گر گیا جسکے نتیجے میں نواز شریف کے پروٹوکول میں شامل بلیک کلر کا ایلیٹ ڈالا بچے پر چڑھ گیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا، موقع پر موجود لوگوں نے بچے کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا، 12سالہ حامد رحمت آباد لالہ موسیٰ کا رہائشی تھا۔بعد ازاں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی گجرات آمد کے موقع پر چک پیرانہ کا رہائشی خالد مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی گاڑیوں اور موٹر سائیکل کی ریلی کی زد میں آ کر دم توڑ گیا ۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے لالہ موسی میں گاڑی کی ٹکر سے 12سالہ بچے حامداور گجرات میں ن لیگ کے کارکنوں کی گاڑیوں اور موٹر سائیکل ریلی کی زد میں آکر شہری خالد کے جاں بحق ہونے کے واقعات پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔وزیراعلی نے لوا حقین سے دلی ہمدردی او راظہار تعز یت کیا ہے ،وزیراعلی نے ڈی پی او گجرات سے دونوں واقعات کی رپورٹ طلب کرلی ہیں جبکہ جامع تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی ہے کہ افسوسناک واقعات کے ذمہ دارو ں کیخلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ جاں بحق بچے اور نوجوان کے لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیاجائے گا۔
ریلی ہلاکتیں