باجوڑ ایجنسی میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ،5افراد جاں بحق، 25شدید زخمی

باجوڑ ایجنسی میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ،5افراد جاں بحق، 25شدید زخمی

باجوڑ ایجنسی (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں ) وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ (فاٹا)کی پاک افغان سرحد کیساتھ واقع باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ناواگئی میں سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں پانچ افراد جاں بحق ، پچیس زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو خار ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ۔ پولیٹیکل حکام کے مطابق دہشت گردی کا یہ واقعہ جمعہ کو تحصیل ناواگئی کے علاقے چہار منگ میں سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم پھٹنے کے باعث پیش آیا جس میں پانچ افراد جاں بحق اور پچیس زخمی ہوگئے، ذر ا ئع نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیاتاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔ریسکیو ٹیموں نے دھماکے میں ابتدائی جاں بحق دو افراد سمیت زخمیوں کو خار ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا جہاں ان کی طبی امداد جاری ہے جبکہ تین زخمی تشویشناک حالت میں راستے میں دم توڑ گئے اور مجموعی تعداد پانچ تک پہنچ گئی ،ذرائع کے مطابق ہسپتال انتظامیہ نے بھی پانچ افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے زخمی افراد کو ہر قسم کی طبی امداد دی جارہی ہے ۔باجوڑ ایجنسی فاٹا کا قبائلی علاقہ ہے جہاں قبائلی قوانین نافذہیں ۔تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں کی شدت پسندی کے باعث یہ علاقہ ایک عرصے سے دہشت گردی کا شکار ہے۔

مزید : صفحہ اول


loading...