ہمیشہ جمہوریت کے خلاف محلاتی سازشیں ہوتی رہیں، ڈاکٹر حافظ عبدالکریم

ہمیشہ جمہوریت کے خلاف محلاتی سازشیں ہوتی رہیں، ڈاکٹر حافظ عبدالکریم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (خصوصی رپورٹ ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے ناظم اعلی وفاقی وزیر مواصلات ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا ہے کہ پاکستان جمہوری جدوجہد کے ذریعے معرضِ وجود میں آیا تھا۔ جمہوریت اور وفاقی پارلیمانی جمہوری نظام ہی اس ملک کی بنیاد ہے۔ یہ بنیاد مستحکم ہوگی تو اس وطن عزیز کو بھی استحکام نصیب ہوگا۔مگر بدقسمتی سے ہمیشہ جمہوریت کے خلاف محلاتی سازشیں ہوتی رہیں اور ووٹ کی طاقت کو تسلیم نہیں کیا گیا۔ ہ مرکز راوی روڈ میں اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے۔ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ انتظامیہ‘ عدلیہ اور پارلیمنٹ سمیت تمام ریاستی آئینی اداروں کیلئے اپنی اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہو گا۔ یہً جمہوریت کی عملداری کی یہ مثالی صورتحال ہوگی جب تمام ریاستی آئینی ادارے صرف اپنی آئینی حدود میں رہ کر فرائض ادا کرنے پر سختی سے کاربند ہو جائینگے۔ان کا کہنا تھا کہ نظریہ ضرورت کے تحت آئین توڑنے والوں کو تحفظ دیا گیا اور بعض دوسرے سیاست دان ان سازشوں کیلئے بطور مہرہ استعمال ہوتے رہے۔جرنیلی آمروں کی جانب سے آئین و قانون کو موم کی ناک بنانے کی روش نے آئین و قانون کی عملداری حقیقی معنوں میں کبھی قائم ہی نہیں ہونے دی۔ حافظ عبدالکریم نے مزید کہا کہ جمہوریت کی عملداری میں فی الحقیقت آئین و قانون کی حکمرانی قائم ہو جائے جس میں کوئی مقدس گائے بن کر خود کو قانون کی پکڑ سے ماورا نہ سمجھے تو اس وطن عزیز کو اس مہذب اور جدید اسلامی‘ جمہوری‘ فلاحی معاشرے کے قالب میں ڈھالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت لاہور میں نوازشریف کا بھرپور استقبال کرے گی۔

مزید :

صفحہ آخر -