نواز شریف کیخلاف سازش دو قومی نظریہ پر حملہ ہے: کیپٹن(ر) صفدر

نواز شریف کیخلاف سازش دو قومی نظریہ پر حملہ ہے: کیپٹن(ر) صفدر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماو رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ این اے 120کے ضمنی انتخاب کیلئے میدان میں اتر کر مادر ملت ثانی کلثوم نواز پاکستان کوبچانے نکلی ہیں ،22کروڑ عوام جمہوریت کے راستے میں آنے والی دیوار کو پاش پاش کر دیں گے ،نواز شریف کے خلاف سازش دو قومی نظریہ پرحملہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر میں حلقہ این اے 120سے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سینیٹر آصف کرمانی، حافظ نعمان سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجو د تھی ۔ کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ آج بڑی خوشی کا دن ہے ، بیگم کلثوم نواز 12اکتوبر 1999ء کو بھی ایک آمر کے خلاف اٹھی تھیں اور انہوں نے 73ء کے آئین کو توڑنے اور ملک کو بحرانوں کی طرف دھکیلنے والے ڈکٹیٹر کے خلاف تحریک چلائی ۔ قوم نے دیکھا کہ اس دوران کرین سے مادر ملت ثانی کی گاڑیاں اٹھائی گئیں ان کے خاندان کو جیل میں ڈالا گیا لیکن اس کے باوجود وہ نہ جھکیں اور نہ کوئی سمجھوتہ کیا ۔ ہماری ماں پارلیمنٹ کی رکن بننے جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نظریہ ضرورت کے تحت نواز شریف کو گھر بھیج دیا گیا ، نواز شریف ووٹ کے تقدس کو بحال کرانے کے لئے سڑکوں پر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جتنے بھی ملکوں نے ترقی کی ہے انہیں ایک لیڈر اور جمہوری نظام میسر آیا ، ہم نے بھی پارلیمنٹ کو سپریم بنانا ہے۔ نواز شریف کے خلاف سازش دو قومی نظریے پر حملہ ہے ۔ 22کروڑ عوام جمہوریت کے راستے میں آنے والی دیوار کو پاش پاش کر دیں گے ۔ کشمیر بنے گا پاکستان کا جھنڈا نواز شریف اور مادر ملت ثانی کے ہاتھ میں ہوگا ۔ وہ خاتون میدان میں آرہی ہیں جنہوں نے ایک خود ساختہ ڈکٹیٹر کا مقابلہ کیا اور اس پر جتنا بھی فخر کیا جائے وہ کم ہے،بیگم کلثوم نواز کی فتح صاف دیکھ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کی امانت کا امین صرف نوازشریف ہے۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے حلقہ این اے 120سے بیگم کلثوم نواز کو امیدوار نامزد کیا ہے ، آج لیگی کارکن قوم کی ماں کے کاغذات نامزدگی داخل کرانے آئے ہیں ۔ وہ لوگ جو یہ سمجھتے تھے کہ نواز شریف کو پاکستان کی سیاست سے باہر کر دیں گے وہ کل بھی بھول پر تھے آج بھی ہیں اور آئندہ بھی ان کے عزائم ناکام ہوں گے ۔ نواز شریف 9اگست کو اسلام آباد سے نکلے تھے اور اس کیلئے پارٹی یا نواز شریف نے کوئی کال نہیں تھی لیکن لاکھوںں ، کروڑوں عوام کا سمندر ان کے شانہ بشانہ چل رہا ہے ۔میں ان قوتو ں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ عوام کی عدالت نے ،نواز شریف کے چاہنے والوں نے ،پاکستانیوں نے انہیں تمام الزامات سے با عزت بری کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا عمران خان ، لال حویلی کے لال جھکڑ اور ترچھی ٹوپی والے نے عدالت سے جو مانگا تھا اس کے برعکس فیصلہ آیا ۔ نواز شریف پر کرپشن ، کمیشن یا کک بیکس لینے کا کوئی چارج نہیں اور انہیں ٹیکنیکل بنیاد ایک اقامہ کی بنیاد پر نا اہل کیا گیا ۔ پاکستانیوں، نواز شریف کے چاہنے والوں ، سمندر پار پاکستانیوں نواز شریف کل بھی صادق اور امین تھا اور آج بھی صادق اور امین ہے ،پوراپاکستان نوازشریف کاہے،نوازشریف کروڑوں لوگوں کے دلوں میں رہتا ہے،سارا پاکستان نواز شریف کا گھر ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں سیاسی مخالفین کو وارننگ دیتا ہوں کہ ابھی بھی وقت ہے نواز شریف کا مقابلہ نہ کرو ۔عمران خان ، فصلی بٹیرے اور انگلی کے اشاروں پرناچنے والے تمہارے لئے این اے 120واٹر لو ثابت ہوگا ۔ نواز شریف تو بہت دور تم نواز شریف کے کارکنوں کا مقابلہ نہیں کر سکتے اور ملک بھر میں ہونے والے ضمنی ،بلدیاتی ، کنٹوٹمنٹ ،گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیابی اس کا ثبوت ہیں،نواز شریف کے شیروں نے عمران خان کو خاک چاٹنے پر مجبور کیا ہے ، انشا اللہ وہ وقت ضرور آئے گا جب نوازشریف دوبارہ سرخرو ہوں گے ،این اے 120سے بھاری اکثریت سے جیتیں گے۔کاغذات نامزدگی جمع کرانے اور میڈیا سے گفتگو کے دوران کارکن اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے جسکی وجہ سے آصف کرمانی کو بار بار مداخلت کرنا پڑی ۔

مزید :

صفحہ آخر -