حکومت ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کریگی، رفیق رجوانہ

حکومت ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کریگی، رفیق رجوانہ

لاہور( نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر سندھ محمد زبیر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کے علاوہ اہم قومی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا بنیادی ایجنڈا اور سیاسی مطمع نظر پاکستان کی سلامتی اورعوامی سر بلندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مفادات کے حامل تمام میگا پراجیکٹ اور منصوبوں کو مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت چاروں صوبوں کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے نہ صرف سر گرمِ عمل ہے بلکہ آئندہ بھی پوری جانفشانی کے ساتھ عوامی خدمت کرتی رہے گی بعد ازاں، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملتان سے مسلم لیگ(ن) کے سینئر عہدیداران نے ضلعی جنرل سیکرٹری اطہر امتیاز کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں شاہد مختار ، عمر فاروق بھٹی ، اشرف سوراہا ، منیر اختر لنگا، عابد بوکسر اور حمزہ ارشد شامل تھے ، گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے عوامی خدمت کو ہمیشہ اپنا نصب العین سمجھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ صوبے بھر میں مختصر مدت میں ریکارڈ ترقیاتی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے جس قدر عوامی فلاح اور ترقی کے منصوبے جنوبی پنجاب میں شروع کئے ہیں ان کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ گورنر نے کہا کہ عوام نے ہم سے جو امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں انہیں ہر صورت پورا کرنا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کا استحکام اور دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات ہے اور حکومتی اقدامات اور تمام اداروں کے باہمی تعاون اور عوام کی مدد سے انشا ء اللہ دہشت گردی کے ناسور کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کر دیا جائے گا۔

مزید : صفحہ آخر


loading...