شہر قائد کی دیہی آبادی بنیادی سہولیات سے محروم ،ترقیاتی فنڈز کا فقدان

شہر قائد کی دیہی آبادی بنیادی سہولیات سے محروم ،ترقیاتی فنڈز کا فقدان

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر قائد کی دیہی آبادی بنیادی سہولیات سے محروم، ضلع کونسل کراچی کے پاس ترقیاتی فنڈز کا فقدان، وزیراعلیٰ سندھ شہر کی دیہی آبادی کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کریں۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد کی دیہی آبادی دور جدید میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ وفاقی حکومت کے لوکل آرڈیننس 1979کے تحت ہر بڑے ڈسٹرکٹ کے دیہی علاقوں پر مشتمل ایک ڈسٹرکٹ کونسل کا قیام عمل میں لایا جائے گا اسی طرح میٹرو پولیٹن سٹی کراچی کے ابراہیم حیدری، گلشن حدید، پیپری، میمن گوٹھ، منگھوپیر، مواچھ گوٹھ، شاہ لطیف ٹاؤن، رزاق آباد، ہاکس بے، گڈاپ سٹی سمیت ضلع ملیر اور گڈاپ کے دیہی علاقے شامل ہیں۔ ان کو یکجا کرکے ضلع کونسل کراچی بنائی گئی جوکہ قیام پاکستان کے بعد سے ہی مشکلات سے دوچار ہوتی گئی۔ 2011ء میں جزوی طور پر جبکہ 2013ء کے الیکشن کے بعد ضلع کونسل کراچی مکمل طور پر بحال ہوئی۔ انتخابات کے بعد اگست 2016ء میں چیئرمین ضلع کونسل کراچی سلمان عبداللہ مراد نے انتظام سنبھالا گوکہ ضلع کونسل کراچی کے اراکین نے انتہائی متحرک انداز میں کئی مثالی اقدامات کئے مگر اب بھی بے شمار کام ایسے ہیں جو کام کرنے باقی ہیں۔ شہری علاقوں میں صفائی ستھرائی بلدیہ عظمیٰ اور ڈی ایم سیز کی ذمہ داری جبکہ صاف پانی کی فراہمی کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے سپرد ہے مگر ضلع کونسل کراچی کو تمام دیہی علاقوں میں صحت، تعلیم سمیت صفائی ستھرائی اور صاف پانی کی فراہم بھی کرنی پڑتی ہے۔ ضلع کونسل کراچی 38یونین کونسلز پر مشتمل ہے جن میں تقریباً 25سے 30لاکھ افراد رہتے ہیں۔ سابقہ ادوار میں ضلع کونسل کراچی کے پاس وسیع آمدنی اور وافر فنڈز موجود ہوتے تھے مگر اب صورت حال تشویشناک ہے۔ ضلع کونسل کراچی کا سال 2017-18کا بجٹ 2ارب 21کروڑ کا ہے جبکہ اس کے مقابل صرف ملیر کا بجٹ 2ارب 80کروڑ ہے اس بات سے بخولی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ شہر کے 2اضلاع کو ضم کرکے بنائی جانے والی ضلع کونسل کو ضلع ملیر سے بھی کم بجٹ فراہم کیا جارہا ہے۔ اس بجٹ میں ترقیاتی کام ہونا انتہائی مشکل ہے مگر ضلع کونسل انتظامیہ نے اپنی مدد آپ کے تحت محدود فنڈز کے باوجود 32ڈی سیز میں سے 10ڈسپنسریز کو مکمل طور پر فعال کیا۔ 54انڈسٹریل ہومز میں سے 29کو دوبارہ بحال کیا جبکہ مکمل طور پر مخدوش اور کھنڈر بنے 164کمیونٹی ہالز کی بحالی کی کوششیں جاری ہیں۔ اس وقت 5لائبریریز کو بھی دوبارہ سے فعال کیا جاسکتا ہے جبکہ صاف پانی کی فراہمی کیلئے متعدد کنوے بھی کھدوائے گئے ہیں مگر ابھی بھی بہت کام باقی ہیں۔ شہر قائد کے باسی دیہی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اسی لئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر بلدیات جام خان شورو کو چاہئے کہ فوری اقدامات کرتے ہوئے ضلع کونسل کراچی کو خصوصی ڈیولپمنٹ فنڈز جاری کریں۔

مزید : کراچی صفحہ اول


loading...