عوامک ی بے لوث خدمت مخلوط حکومت کی اولین ترجیح ہے :عنایت اللہ

عوامک ی بے لوث خدمت مخلوط حکومت کی اولین ترجیح ہے :عنایت اللہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے کہا ہے کہ عوام کی بے لوث خدمت مخلوط حکومت کی اولین ترجیخ ہے اور اسی جذبے کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے محکمہ بلدیات کے بارے میں عوامی شکایات اور مشکلات کے ازالے کیلئے "عوامی شکایات" سنٹر کے قیام ، شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے آن لائن آکشن سسٹم کا اجراء ،ویلج و نائبر ہوڈ کونسل تک شفاف آڈٹ کرانے کا اور پشاور سمیت ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کو خوبصورت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز پشاور پریس کلب میں محکمہ بلدیات کی ابتک کارکردگی کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ حضر حیات ڈپٹی سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ میاں شفیق الرحمان بھی موجود تھے۔سینئر وزیر عنایت اللہ نے کہا کہ ٹی ایم ایز کے شفاف نیلامی میں 1.5 ارب روپے سے 4 ارب روپے تک اضافہ ہوا ہے اور ٹی ایم ایز کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے صوبائی حکومت نے سزا و جزا کا عمل شروع کر دیا ہے جبکہ اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے آفیسر و اہلکاروں کو تعریفی اسناد و نقد انعامات دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور سمیت مردان، مینگورہ، دیر اور صوابی میں نئے جنرل بس سٹینڈقائم کئے جائینگے جس کے لئے اربوں روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں 800 کنال اراضی پر جدید بس سٹینڈ تعمیر کرینگے جس میں مسافروں کیلئے ضروری سہولیات میسر ہونگی۔ عنایت اللہ نے کہا کہ صوبے کے بڑے شہروں میں آبنوشی اور نکاس آب کے نظام کو درست کرنے کے علاوہ کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے کیلئے جامعہ منصوبہ بندی تیار کرکے اس پر عمل در آمد شروع کر دیا گیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں2 بڑے نکاسی آب کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی اور شفافیت کی وجہ سے محکمہ بلدیات پر عوام کا اعتماد بحال ہو گیا ہے کیونکہ ہماری سیاست کا محور عوام کی بلا امتیاز و بے لوث خدمت ہے اور صوبے کے وسائل کا ایک ایک روپیہ عوام پر خرچ کرنا ہے مگر عوام کو بھی چاہیے کہ وہ حکومتی اقدامات و پالیسیوں کو بر وقت پائے تکمیل تک پہنچانے کیلئے اپنے ذمے واجب الادا ٹیکس ادا کریں تا کہ خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔