پاکستانی قوم آئین کی بالادستی کیلئے نئی تاریخ رقم کر رہی ہے،علی اکبر گجر

پاکستانی قوم آئین کی بالادستی کیلئے نئی تاریخ رقم کر رہی ہے،علی اکبر گجر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم جمہوریت اور آئین کے لئے نئی تاریخ رقم کر رہی ہے قائد میاں محمد نواز شریف کا. اسلام آباد سے لاہور کا سفر عالمی سیاست پر یادگار نقوش رقم کر رہا ہے. عوام نے اپنے ووٹ کے تقدس کے حق میں گھروں سے باہر نکل کر قائد میاں محمد نواز شریف کے وژن کی تائید کردی ہے. پاکستان جمہوریت کے لئے بنایا گیا اور جمہوریت ہی اس ملک کی بقا سلامتی اور تحفظ کی ضمانت ہے. ملک کے کونے کونے سے میاں محمدنواز شریف کو دعوت دی جارہی ہے ہر شہری دل سے میاں محمدد نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہے.پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ پاکستان اپنی بقا کے اصل مقاصد کے حصول کی طرف بڑھ رہا ہے. پاکستان مسلم لیگ(ن) اپنے عہد نبھائے گی اور پاکستان کو حقیقی جمہوری ملک بنا کر آزادی کے لئے جانوں کی قربانیاں دینے والوں کی روحوں کے سامنے سرخرو ہوگی. پاکستان کو نئے تجربات کے تاریک دور سے نکالنے کے لئے ہمارے قائد نے قوم کے سامنے اپنے مقاصد رکھ کر بیس کروڑ پاکستانیوں کے اعتماد کا قرض اتار دیا ہے؛ آنے والے دنوں میں قائد میاں محمد نواز شریف اور پاکستانی قوم مل کر پاکستان میں جمہوریت اور آئین کے لئے نئے اہداف کا تعین کریں گے. علی اکبر گجر نے کہا پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے عدالت عظمی کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد کرکے سیاسی مخالفین کے جھوٹ اور بے بنیاد پروپیگنڈے کا منہ بند کیا لیکن عدالتی فیصلوں پر اپنے تحفظات کا اظہار ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے جو ہم سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں چھین سکتی. پاکستان میں جمہوریت اور آئین کے خلاف فیصلے نہ قوم نے قبول کئے نہ ہی سیاسی قیادت نے اسی لئے قائد میاں محمد نواز شریف نے قوم و ملک کے وسیع تر مفاد اور آئین کی بالا دستی کے لئے نئے بیانیے کی تجویز پیش کر کے قومی رہنما ہونے کا حق ادا کیا ہے. پاکستان کی تمام جمہوری قوتوں کو پاکستان مسلم لیگ(ن) کی تجاویز اور آرا کا ساتھ دے کر پاکستان کو حقیقی جمہوری ملک بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا.