لاکھوں قربانیوں سے حاصل ہونے والے مادر وطن کی آزادی کی قدر کریں : پروفیسر غیا ث النبی طیب
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر غیا ث النبی طیب نے کہا ہے کہ لاکھوں جانوں کی قربانیوں سے حاصل ہونے والے مادر وطن کی آزادی کی قدر کرنا ہم سب کا اولین فرض ہے یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کےلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے تاکہ نئی نسل کو بھی اس جذبے سے آگاہ کیا جا سکے جو اس وطن عزیز کے قیام کےلئے کارفرما تھا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل ہسپتال میں 71ویںیوم آزادی کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ یوم آزادی پر ایل جی ایچ کے تمام شعبے متحرک انداز میں تقریبات میں شریک ہوں گے اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو تعریفی اسناد سے نوازا جائے گا ۔ 14اگست والے دن پروفیسر صاحبان ،انتظامی ڈاکٹرز ، اے ایم سی میڈیکل کالج کے طلبہ ، نرسنگ سٹاف و طالبات ،پیرا میڈیکس اور دیگر عملہ خصوصی تقریبات میں شرکت کرے گا اور اس دن کو یاد گار انداز میں منایا جائے گا ۔پروفیسر غیاث النبی طیب کاکہنا تھاکہ 14اگست کے موقع پر ہسپتال میں پرچم کشائی کی تقریب ایڈمن بلاک میں ہو گی بلڈنگ کو سبز ہلالی پرچموں سے سجانے کے علاوہ چراغاں بھی ہو گا جبکہ ہسپتال کی وارڈز میں تزئین و آرائش کی جائے گی ۔اجلاس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام صابر نے بتایا کہ ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے جو اول ، دوم اور سوئم آنے والی وارڈ ز کو انعامات دے گی۔ پرنسپل نرسنگ سکول نے اعلان کیا کہ یوم آزادی کے موقع پر نرسنگ طالبات سبز آنچل اوڑھیں گی جبکہ مریضوں میں یوم آزادی کی مناسبت سے مٹھائیاں اورتحائف تقسیم کیے جائیں گے ۔