ملی مسلم لیگ نے این اے 120 میں بھر پور انتخابی مہم چلانے کا اعلان کر دیا ،پاکستان کا پرچم اٹھایا ہے اس کا تحفظ بھی کریں گے :سیف اللہ خالد
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)ملی مسلم لیگ کے مرکزی قائدین نے کہا ہے کہ ملک میں صوبائیت و لسانیت کے جھگڑے ختم اوراخوت و رواداری کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں،کل 13اگست کو ناصر باغ مال روڈ پر بڑا جلسہ عام ہو گا، این اے 120میں بھرپور انتخابی مہم چلائی جائے گی، نظریہ پاکستان رائج کرنا ملی مسلم لیگ کا سب سے بڑا ہدف ہے، ہم73کے آئین کے تحت ملک میں قانون کی عملداری چاہتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد ،جنرل سیکرٹری شیخ فیاض احمد اور این اے 120سے ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار قاری یعقوب شیخ نے پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کل 13اگست کوناصر باغ مال روڈ لاہور پر عظیم الشان استحکام پاکستان کانفرنس ہو گی جس میں ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں،وکلا،طلبا،کسان تنظیموں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے، ہم نے پاکستان کا پرچم اٹھایا ہے اوراس کا تحفظ کریں گے، آئین کی دفعہ 62اور 63ختم کرنے کی کوششیں درست نہیں، ان چیزوں کو بازیچہ اطفال نہیں بننا چاہیے۔ ملی مسلم لیگ کی جانب سے 7اگست کو الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن کیلئے کاغذات جمع کروادیے گئے ہیں، ہم این اے 120میں انتخابی مہم بھرپور انداز میں شروع کر رہے ہیں، ہر محلہ میں اپنا دفتر کھولیں گے اور زبردست رابطہ مہم چلائی جائے گی، اس سلسلہ میں آج سے ہی ہم نے اپنے کام کا آغاز کر دیا ہے۔انہوںنے کہاکہ 73کے آئین میں قر آن و سنت کو بالا قانون کہا گیا ہے،ہم ملک میں73کے آئین کے تحت قانون کی عملداری اور صوبائیت،لسانیت،عصبیت کے جھگڑے اور مفادات و معرکہ آرائی کی سیاست ختم کر کے اخوت اوررواداری کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں،ہم قومی و ملی وحدت کو پروان چڑھائیں گے،تعلیم و معیشت کے نظام کو بہتر کریں گے اور پاکستان جن مسائل کا شکار ہے ان کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔سیف اللہ خالد نے کہاکہ پاکستان کے نصاب تعلیم سے نظریہ پاکستان کو خارج کیا جا رہا ہے ،ہم نظام و نصاب تعلیم کی بنیاد نظریہ پاکستان کو بنائیں گے، پاکستان بے مثال قربانیوں کے نتیجہ میں حاصل ہوا ،یہ عام خطہ نہیں، آنے والے وقت میں پاکستان دنیا کی قیادت کرے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اس وقت پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے، ہمارے سب دریا کشمیر سے آتے ہیں، اس لحاظ سے پاکستان کی بقا پانی پر منحصر ہے،آبی ماہرین کی یہ بات درست ہے کہ پاکستان کے پانیوں کو آزاد نہ کروایا گیا تو پانیوں کے مسئلہ پر جنگ ہو سکتی ہے،کشمیر کو بانی پاکستان نے شہ رگ کہا تھا ،ملی مسلم لیگ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں استصواب رائے کی حمایت کرتی ہے اور یو این کو پیغام دیتی ہے کہ فوری استصواب رائے کروا کر کشمیریوں کو انکا حق دیا جائے،ہم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل مددوحمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانچوں صوبوں کے عوام کو ان کی دہلیز پر حقوق پہنچائیں گے۔اقلیتوں کے حقوق کابھی تحفظ اورانکی عزت و وقار کا خیال رکھا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے قافلہ گذرنے کے دوران دو افراد کی وفات پر انہیں گہرا رنج و غم ہے، ہر فرد اور تنظیم کو پروگرام کرنے کا حق ہے لیکن انسانیت کا قتل نہیں ہونا چاہیے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی دادرسی کرے اوران افسوسناک واقعات کے ذمہ داران کیخلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے۔