نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کا اقامہ بھی سامنے آ گیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )ن لیگ کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ،سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کا اقامہ بھی سامنے آگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نواز شریف اور ن لیگ کے کئی رہنماوں کے اقاموں کے منظر عام پر آنے کے بعد اب این اے 120 ضمنی الیکشن کی امیدوار اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کا اقامہ بھی سامنے آگیا ہے۔ بیگم کلثوام نواز کے پاس دبئی کا اقامہ 2006 سے 2015 تک موجود تھا۔تاہم ذرائع کا کہناہے کہ کلثوم نواز کی جانب سے اپنے اقامے سے متعلق تمام تفصیلات الیکشن کمیشن کو بھی جمع کروا دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن میں ایڈووکیٹ سرفراز نے مفاد عامہ میں درخواست دائر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے پانامہ فیصلے میں نواز شریف سے متعلقہ فیصلہ دیا کہ وہ صادق اور امین نہیں ہیں جس کے بعد نواز شریف کے نام کو پارٹی کے الیکشن میں استعمال نہیں کیا جا سکتا لیکن اس کے باوجود کلثوم نواز نے مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، مسلم لیگ ن کا لفظ نواز شریف کے نام کی علامت ظاہر کرتا ہے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن کا لفظ الیکشن میں استعمال نہیں کیا جا سکتا لہذا این اے ایک سو بیس سے مسلم لیگ ن کی امیدوار کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جائیں۔