پاکستان کا مطلب کیا "لا الہ الا اللہ"
پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الا اللہ ۔یہ نعرہ 1944 میں تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن اورنامور شاعر اصغر سودائی نے تخلیق کیاتھا. اس عظیم الشان نعرے کو منظر عام پر آنے ہی کی دیر تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے یہ نعرہ برصغیر میں مسلمانوں کے لیے بہت اہمیت اختیار کر گیا اور مسلم لیگ کے جلسوں میں گونجنے لگا. یہ نعرہ در اصل تحریک پاکستان کے مجاہد اصغر سودائی کی معروف نظم کا حصہ تھا۔
اصغر سودائی جب مرے کالج میں زیر تعلیم تھے تو 1944 میں ایک جلسہ عام میں اپنی نظم پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ پڑھی ۔یہ نظم اس قدر مقبول ہوئی کہ مرے کالج کے در و دیوار سے نکل کر پورے ہندوستاں کے گلی کوچوں میں زباں زد عام ہو گئی. اس نعرے سے پاکستان کا مذہبی تشخص بھی واضح ہوتا ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے اسی وجہ سے کہا تھا کہ تحریک پاکستان میں اصغر سودائی کا کردار 25 فیصد ہے۔
اس نعرے کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان ابھی معرضِ وجود میں آیا نہ تھا کہ برصغیر کے گلی کوچوں میں لا الہ الا اللہ کی صدائیں گونجنی لگیں. یہ اس نعرے ہی کی برکتیں تھیں کہ مختلف مسالک اور عقائد کے علماء سمیت تمام مسلمان لا الہ الا اللہ کے جھنڈے تلے یکجا ہوئے. یہ نعرہ ملنے کے بعد تحریک پاکستان کو مزید تقویت ملی کیونکہ مسلمانوں کو اپنا نظریہ مل چکا تھا. 14اگست 1947ء کو ایک متحدہ پاکستان کے طور پر معرض وجود میں آنا لا الہ الا اللہ کی ہی برکت اور طاقت تھی اوریہ کلمہ طیبہ ہی ہمارا نظریہ پاکستان ہے۔ تحریک پاکستان کے زمانہ عروج میں جب نیشنل کانگریس اور ان کے حواری مسلمانوں سے تضحیک آمیز انداز میں پوچھا کرتے تھے کہ پاکستان کا مطلب کیا تو اس کے جواب میں مسلمان 1944 کی نظم سنایا کرتے تھے کہ
پاکستان کا مطلب کیا؟
لا الہ الا اللہ
شب ظلمت میں گزاری ہے
اٹھ وقتِ بیداری ہے
جنگ شجاعت جاری ہے
آتش و آہن سے لڑ جا
پاکستان کا مطلب کیا؟
لا الہ الا اللہ
ہادی و رہبر سرور دیں
صاحب علم و عزم و یقیں
قرآن کی مانند حسیں
احمد مرسل صلی علی
پاکستان کا مطلب کیا؟
لا الہ الا اللہ
چھوڑ تعلق داری چھوڑ
اٹھ محمود بتوں کو توڑ
جاگ اللہ سے رشتہ جوڑ
غیر اللہ کا نام مٹا
پاکستان کا مطلب کیا؟
لا الہ الا اللہ
جرات کی تصویر ہے تو
ہمت عالمگیر ہے تو
دنیا کی تقدیر ہے تو
آپ اپنی تقدیر بنا
پاکستان کا مطلب کیا؟
لا الہ الا اللہ
نغموں کا اعجاز یہی
دل کا سوز و ساز یہی
وقت کی ہے آواز یہی
وقت کی یہ آواز سنا
پاکستان کا مطلب کیا؟
لا الہ الا اللہ
پنجابی ہو یا افغان
مل جانا شرط ایمان
ایک ہی جسم ہے ایک ہی جان
ایک رسول اور ایک خدا
پاکستان کا مطلب کیا؟
لا الہ الا اللہ
تجھ میں ہے خالد کا لہو
تجھ میں ہے طارق کی نمو
شیر کے بیٹے شیر ہے تو
شیر بن اور میدان میں آ
پاکستان کا مطلب کیا؟
لا الہ الا اللہ
مذہب ہو تہذیب کہ فن
تیرا جداگانہ ہے چلن
اپنا وطن ہے اپنا وطن
غیر کی باتوں میں مت آ
پاکستان کا مطلب کیا؟
لا الہ الا اللہ
اے اصغر اللہ کرے
ننھی کلی پروان چڑھے
پھول بنے خوشبو مہکے
وقت دعا ہے ہاتھ اٹھا
پاکستان کا مطلب کیا؟
لا الہ الا اللہ
افسوس اس بات کا ہے کہ آج ہم پاکستان کا مطلب ہی بھول گئے ہیں ۔ہماری قوم مسلکوں میں تقسیم ہو چکی ہے. ہمیں پھر سے متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔آج ہمارا دشمن پہلے سے زیادہ خطرناک ہے. لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کہ ہم نے نظریہ پاکستان کی بنیاد رکھی اور آج مسلمانوں کے بھیس میں چھپا دشمن ہمارے نظریہ پاکستان کو پاش پاش کرنے پر تُلا ہوا ہے. ہم سب کو پاکستان کی بقا کی خاطر لا الہ الا اللہ کے جھنڈے تلے متحد ہو کرنہ صرف دشمنانِ پاکستان بلکہ دشمنانِ اسلام کو کچلنا ہوگا. انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان عالم اسلام کی قیادت کرے گا. اللّٰہ ہمارے ملک پاکستان کی حفاظت فرمائے. آمین
۔
نوٹ: روزنامہ پاکستان میں شائع ہونے والے بلاگز لکھاری کا ذاتی نقطہ نظر ہیں۔ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔