فریال تالپور سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی ، سابق صدر کی صاحبزادیوں کا الزام

فریال تالپور سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی ، سابق صدر کی صاحبزادیوں کا ...
 فریال تالپور سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی ، سابق صدر کی صاحبزادیوں کا الزام

  


اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق صدر آصف زرداری کی صاحبزادیوں آصفہ بھٹو اور بختاور بھٹو نے الزام عائد کیاہے کہ اس کو فریال تالپور سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی ۔

جیونیوز کے مطابق آصفہ بھٹو اور بختاور بھٹو نے بتایا کہ جیل حکام نے فریال تالپور کو فیملی کوان سے ملنے کی اجازت نہیں دی ، آج عید کا دن ہے اور ہم ابھی تک فریال تالپور سے ملاقات نہیں کرپائے ۔ انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر ملاقات کی درخواست کو آج تیسرا دن ہے اور وہ التواءکا شکارہے ۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو اتوار کی شب اسلام آباد کے پولی کلینک ہسپتال سے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیاتھا۔قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ فریال تالپور کو ڈاکٹروں نے اسپتال سے ڈسچارج کردیا تھا جس کے بعد جیل حکام نے انہیں ہسپتال سے جیل منتقل کیا۔خیال رہے کہ 9 اگست کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے فریال تالپور کا 10 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں جیل بھیجنے کے احکامات جاری کیے تھے تاہم طبعیت خراب ہونے کے باعث انہیں پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اور وارڈ کو سب جیل قرار دیا گیا تھا۔یاد رہے کہ 10 جون کو جعلی بینک اکائونٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی اور گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد 14 جون کو فریال تالپور کو جعلی اکاونٹس کیس میں نیب نے گرفتار کیا اور ان کی رہایش گاہ کو سب جیل قرار دیا تھا۔

مزید : قومی