”اس سے بہتر بیان توچدم برم دے رہا ہے“، مظہر عباس نے پارلیمان پر بڑا سوال اٹھادیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)تجزیہ کار مظہر عباس نے کہا ہے کہ پاکستان کی پارلیمان سے بہتر بیان تو چدم برم ، محبوبہ مفتی اور بھارتی اپوزیشن کی طرف سے دیئے جارہے ہیں۔
جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں گفتگو کرتے ہوئے مظہر عباس نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر پارلیمنٹ کی کارکردگی دیکھ کر مایوسی ہوئی ہے ، قرارداد جو ایک دن پہلے فائنل ہونی چاہئے تھی ،اس پر توجہ ہی نہیں دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان سے بہتر بیان تو چدم برم ، محبوبہ مفتی اور بھارتی اپوزیشن کی طرف سے دیئے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس کوئی ایکشن پلان نہیں ہے اور اپوزیشن لیڈر نے تو آغاز ہی تردید سے کیا اور پارلیمان تو بالکل ایسے نظر آرہی تھی کہ ہمیں کوئی فکر ہی نہیں ہے جتنا بڑ ا کام ہوگیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں تمام چیزوں کو پوائنٹ ٹو پوائنٹ جواب ہونا چاہئے تھا ۔ وزیراعظم کو کہنا چاہئے تھا کہ میں پوری اپوزیشن کو دعوت دیتاہوں کہ اس معاملے پر ہم مل کرچلتے ہیں لیکن ہماری پارلیمان ایک تقسیم شدہ ایوان نظر آئی ۔