والد، نانا اور ماموں کو قتل کرنے والا ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار

والد، نانا اور ماموں کو قتل کرنے والا ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
صوابی(بیورورپورٹ)تھانہ زیدہ ضلع صوابی کی پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران باپ، نانا اور ماموں کو قتل کرنے والا نوجوان قاتل کو آلہ قتل سمیت 48گھنٹے کے اندر اندر ڈرامائی انداز میں گرفتار کر لیا۔ ڈی پی او آفس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق عالم خان ولد عالم زیب خان نے اتوار کی علی الصبح ایک بج کر بیس منٹ پر اپنے نانا کے گھر واقع نہر بانڈہ پھوٹو ہار زیدہ میں مسلح داخل ہو کر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گھر میں سوئے ہوئے ان کا نانا سراج علی اور اس کا بیٹا یعنی قاتل کا ماموں انورعلی موقع پر جاں بحق جب کہ بعد ازاں اپنے گھر میں جا کر اپنے سوئے ہوئے باپ عالم زیب پر فائرنگ کی جس سے وہ بھی جاں بحق ہو گیا۔مقتول سراج محمد کے بیٹے محمد علی کی رپورٹ پر زیدہ پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لئے علاقہ بھر میں سرچ آپریشن شروع کر دی جب کہ ڈی پی او صوابی نے اس واقعہ کا سختی سے نوٹس لے کر ایس پی انوسٹی گیشن بنارس خان، ڈی ایس پی صوابی نور الا مین خان، ایس ایچ او زیدہ عجب درانی، ایس آئی مختاج خان اور اے ایس آئی وقاص پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی جنہوں نے ملزم کو ہر حال میں گرفتار کرنے کے لئے بھر پور انداز میں آپریشن شروع کی۔ پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے اور اپنی نیٹ ورک کو مزید وسیع کرتے ہوئے ملزم کو ٹریس کرکے ایس ایچ او زیدہ عجب درانی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ نہایت باریک بینی کے ساتھ ملزم کو گرفتار کیا۔ وجہ عناد گھریلوں تنازعہ بتائی جا رہی ہے۔مقامی لوگوں نے پولیس کی اس پیشہ ورانہ اور انصاف پر مبنی کارروائی کو کافی سراہا اور پولیس پر اعتماد کا اظہار کیا۔ ایس پی صوابی  نے کہاکہ عوام کی جان ومال کی تخفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہے گی۔ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔اور عوام سے بھی اپیل کی کہ  جرائم کی خاتمہ میں پولیس کا ساتھ دیں۔کیونکہ عوام کے تعاؤن کے بغیر ایک پر امن معاشرہ کا قیام ممکن نہیں۔