ٹرمپ کی میڈیا بریفنگ کے دوران وائٹ ہاؤس کے باہر فائرنگ، محفوظ مقام پر منتقل 

ٹرمپ کی میڈیا بریفنگ کے دوران وائٹ ہاؤس کے باہر فائرنگ، محفوظ مقام پر منتقل 

  

 واشنگٹن(اظہر زمان، بیورو چیف) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں میڈیا بریفنگ میں مصروف تھے کہ اچانک باہر سے کسی فائرنگ کی آواز آنے سے سنسنی پھیل گئی۔ وائٹ ہاؤس ذرائع نے بتایا ہے کہ سیکرٹ سروس کے اہلکار وں نے فوری ردعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں وہاں سے ہٹا کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ تاہم وہ چند منٹ بعد کلیئرنس ملنے پر واپس آ گئے۔ صدر ٹرمپ نے اسی موقع پر خود صحافیوں کو بتایا کہ انہیں حفاظتی اقدام کے طور پر اوول آفس لے جایا گیا تھا۔ باہر فائرنگ کا کوئی واقعہ پیش آیا ہے جس کے باعث زخمی ہونے والے شخص کو ہسپتال لیجایا گیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے بتایا کہ پریشانی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ حالات مکمل کنٹرول میں ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر سیکرٹ سروس کے اہلکاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہترین لوگ ہیں۔ صدر ٹرمپ نے اس فائرنگ کے بارے میں صحافیوں کو پوچھا تو فوکس نیوز کے ایک رپورٹر نے بتایا کہ صدر کے نکلتے ہی انہیں مزید دو گولیاں چلنے کی آواز سنائی دی۔ اس دوران واشنگٹن ڈی سی انتظامیہ نے ایک بیان میں بتایا کہ حملہ وائٹ ہاؤس کے باہر ڈیوٹی پر متعین ایک سکیورٹی اہلکار پر ہوا جسے زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے تاہم ابھی تک حملے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

ٹرمپ فائرنگ

مزید :

صفحہ اول -