ترکی امت اسلامیہ کا اہم ملک  بھائیوں کی طرح عزیز،شہباز شریف

            ترکی امت اسلامیہ کا اہم ملک  بھائیوں کی طرح عزیز،شہباز شریف

  

اسلام آباد(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف سے پاکستان میں ترکی کے سفیر احسان مصطفی یرداکل نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ میاں شہباز شریف نے  ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکی امت اسلامیہ کا اہم ملک اور پاکستان کو بھائیوں کی طرح عزیز ہے، صدر اردوان نے پاکستان اور پنجاب میں ترقی، عوام کی بہتری کے لئے منصوبوں میں قابل قدر تعاون کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ اسلام اور امت کے دشمن چاہتے ہیں کہ اسلامی دنیا باہمی انتشار اورتنازعات میں الجھ جائے۔صدر اردوان نے اپنے اقدامات، اصلاحات اور انتظامات سے ترکی کو نیا چہرہ دیا ہے، ترک سفیر احسان مصطفی یرداکل نے قائد حزب اختلاف شہبازشریف کو صحت یاب ہونے پر مبارک اور نیک تمناوں کا اظہارکیا۔انہوں نے شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بطور وزیراعلی پنجاب آپ کے دور میں تعمیر وترقی کا سفرتیز ہوا۔علاوہ  ازیں  شہبازشریف کااقلیتوں کے قومی دن پراپنے ایک پیغام میں کہا کہ دستور پاکستان کے تحت مسلم اور غیر مسلم سب پاکستانی اوربرابر کے شہری ہیں۔11اگست1947کی قائداعظم کی تقریر اقلیتوں کے لئے پاکستان کی سوچ کا مظہر ہے پاکستان کی ریاست اور معاشرہ قائداعظم کی اسی سوچ پر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر کاربند ہے۔دستور پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں، ان کے اطلاق میں خامیوں کو دور کرکے صورتحال مزید بہتر بنانا ہے۔غیرمسلموں سے بہترین سلوک، رواداری، صلہ رحمی اسلام کے سنہری اصول ہیں قیام پاکستان، تعمیر پاکستان اور دفاع پاکستان سمیت ہر محاذ پر غیرمسلم پاکستانیوں نے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔پاکستان کی تعمیر، ترقی، خوشحالی کے لئے خدمات پر غیرمسلم پاکستانیوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں تعلیم اور صحت کے شعبے میں خاص طورپر غیرمسلم پاکستانیوں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں مسلم اور غیرمسلم پاکستانیوں سے مل کر پاکستان کا خوبصورت متنوع اور کثیرالشراکتی جمہوری معاشرہ وجود میں آتا ہے۔

امت اسلامیہ

مزید :

صفحہ اول -